Brailvi Books

غیبت کی تباہ کاریاں
31 - 504
فرمانِ مصطَفےٰ:(صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم) جس نے کتاب میں مجھ پر درود پاک لکھا تو جب تک میرا نام اُس میں رہے گا فرشتے اس کیلئے استغفار کرتے رہیں گے۔
غیبت کیا ہے؟
حضرتِ سیِّدُنا اِمام احمدبن حَجَرمَکِّی شَافِعِی علیہ ر حمۃ اللہِ القوی نقل کرتے ہیں: عُلَماء کرام رَحِمَہُمُ اللہُ السَّلام فرماتے ہیں:انسان کے کسی ايسے عیب کا ذکر کرنا جو اس ميں موجود ہوغيبت کہلاتا ہے ،اب وہ عیب چاہے اُس کے دين، دنيا، ذات، اَخلاق، مال، اولاد، بيوی، خادِم، غلام،عِمامہ،لباس، حرکات وسکنات ، مسکراہٹ، ديوانگی،  تُرش رُوئی اور خوش روئی وغیرہ کسی بھی ایسی چیز میں ہو جو اس کے مُتَعَلِّق ہو ۔ جسمانیت میں غیبت کی مثالیں:اندھا ، لنگڑا، گنجا، ٹِھگنا، لمبا، کالا اور زرد وغيرہ کہنا۔دین میں غیبت کی مثالیں:فاسِق، چور، خائن، ظالم، نَماز ميں سُستی کرنے والا، اور والِدَين کا نافرمان وغيرہ کہنا۔ مزید آگے چل کر نقل فرماتے ہیں:کہا جاتا ہے کہ''غيبت ميں کھجورکی سی مٹھاس اور شراب جيسی تیزی اور سرور ہے۔ ''اللہ عَزَّوَجَلَّ اس آفت سے ہماری حفاظت فرمائے اور ہماری طرف سے غیبت والوں کے حُقُوق (محض اپنے فضل و کرم سے )خود ہی ادا فرمائے کیونکہ اُس عَزَّوَجَلَّ کے علاوہ انہیں کوئی شمار نہیں کر سکتا۔
    (اَلزَّواجِرُ عَنِ اقْتِرافِ الْکبائِرج۲ ص۱۹)
گنہِ گدا ؔ کا حساب کیا  وہ اگرچِہ لاکھ  سے ہیں سوا

مگر اے عَفُو تِرے عَفو کا تو حساب ہے نہ شمار ہے
 (اپنے کلام کے اس مَقْطَع کے مصرعہ اُولیٰ میں اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان عليہ رحمۃُ الرَّحمٰن نے خوب انکساری فرمائی ہے۔ لہٰذا ''رضاؔ'' کی جگہ سگِ مدینہ عفی عنہ نے اپنے گناہوں کے تصوُّر سے ''گدا'' لکھا ہے)
صَلُّوا  عَلَی الْحَبِیب !            صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد

تُوبُوا اِلَی اللہ!             اَسْتَغْفِرُاللہ

صَلُّوا  عَلَی الْحَبِیب !             صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد
Flag Counter