Brailvi Books

غیبت کی تباہ کاریاں
261 - 504
فرمانِ مصطَفےٰ:(صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم)اُس شخص كی ناك خاك آلود ہو جس كے پاس میرا ذكر ہو اور وہ مجھ پردُرُودِپاك نہ پڑھے۔
ظاہری اچّھی صحبتوں میں بھی غیبتوں کا مَرَض!
حضرتِ سیِّدُنا شیخ عبدُالوہّاب شَعرانی قُدِّسَ سرُّہُ النُّورانی فرماتے ہیں:مجھے یاد نہیں کہ میں نے اِس زمانے کے مشائخ میں سے کسی سے ملاقات کی ہو اور میرا اس کے ساتھ بیٹھنا غیبت سے محفوظ رہاہو، ایسا بَہُت کم ہوا اسی لئے میں نے اپنے دین کی اور اُن کے بھی دین کی حفاظت کی خاطِر ان سے ملاقات کم کردی مگر ان کے حُقوق میں سُستی نہیں کی۔جب بُزُرگوں کی مجلسوں کا یہ حال ہے تو دوسروں کی بیٹھکوں کاکیا عالم ہو گا!تو اے بھائی!اس زمانے میں جب کسی شخص سے ملاقات کرے تو اپنے نفس کی مکمَّل حفاظت کر اور اس مُعامَلے میں ہرگزسُستی نہ کر۔
(تَنبِیہُ الْمُغتَرِّیْن ص۲۲۴)
ہر آنے والا وقت پچھلے وقت سے بُرا ہے
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!حضرتِ سیِّدُنا شیخ عبدالوہّاب شَعرانی قُدِّسَ سرُّہُ النُّورانی(مُتَوَفّٰی973ھ)دسویں صدی ہجری کے بُزرگ تھے جب ان کے دور میں یہ حال تھا تو اب تو پندرھویں صدی ہجری ہے ہم ان کے دَور سے تقریباً 450سال مزید دُور ہو چکے ہیں اور ہر آنے والادینی اعتبار سے وَقت پچھلے وَقت سے بُرا ہے۔حضرتِ سیِّدنا زبیر بن عَدِّی رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ ہم نے حضرتِ سیِّدُنا اَنَس بن مالِک رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی بارگاہ میں حجّاج بن یوسُف کی طرف سے پہنچنے والی تکالیف کی شکایت کی تو فرمایا:''صبر کرو !کیونکہ تم پر کوئی زمانہ نہیں آئے گا مگر اس کے بعد میں آنے والا زمانہ اُس سے بدتر ہوگا یہاں تک کہ تم اپنے رب عَزَّوَجَلَّ سے ملو ،یہ میں نے نبی کریم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے سُنا ہے ۔ ''
 (صَحیح بُخاری ج۴ص۴۳۳حدیث۷۰۶۸)
مُفَسّرِشہیر حکیمُ الْاُمَّت حضر تِ مفتی احمد یار خان علیہ رحمۃ الحنّان اس حدیثِ پاک کے تحت لکھتے ہیں :زمانہ جس قَدَر حُضُور صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے دُور ہوتا جائے گا ظلم وفساد بھی بڑھتا جائے گا ،ہر زمانہ پہلے زمانہ سے دِین کے لحاظ سے بدتر ہے ،کبھی کوئی گناہ زیادہ کبھی کوئی گناہ!
(مِراٰۃ المناجِیح ج۷ ص ۲۰۲ مُلَخَّصاً )
Flag Counter