| غیبت کی تباہ کاریاں |
فرمانِ مصطَفےٰ :(صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم)جس نے مجھ پر دس مرتبہ صبح اور دس مرتبہ شام درود پاک پڑھا اُسے قِیامت کے دن میری شفاعت ملے گی۔
میاں بیوی کے قبولِ اسلام کی ایمان افروز مَدَنی بہار
غیبت کرنے سننے کی عادت نکالنے،نمازوں اور سنّتوں کی عادت ڈالنے کیلئے دعوتِ اسلامی کے مَدَنی ماحول سے ہر دم وابَستہ رہے، سنّتوں کی تربیّت کیلئے مَدَنی قافِلوں میں عاشقانِ رسول کے ساتھ سنّتوں بھرا سفر کیجئے اورکامیاب زندگی گزارنے اور آخِرت سنوارنے کیلئے مَدَنی انعامات کے مطابِق عمل کرکے روزانہ فکرِ مدینہ کے ذَرِیعے رسالہ پُر کیجئے اور ہر مَدَنی ماہ کی 10 تاریخ کے اندر اندر اپنے ذمّے دار کو جمع کروایئے اور دعوتِ اسلامی کے مَدَنی کاموں میں بھر پور حصّہ لیجئے۔
اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّوَجَلَّ
جہاں اسلامی بھائی مَدَنی کاموں میں مصروف ہیں وہاں اسلامی بہنیں بھی کسی طرح مَدَنی کاموں میں پیچھے نہیں،آیئے پہلے دُرُود شریف پڑھ لیجئے پھرایک مَدَنی بہار سنتے ہیں چُنانچِہ سینٹرل جیل سکھر2(بابُ الاسلام سندھ)کی قیدی خاتون کے بیان کاخلاصہ کچھ اس طرح ہے : مسلمان ہونے سے پہلے میں غیر مسلمہ تھی۔ہماری ''بَیرِک'' میں ایک باپردہ اسلامی بہن، قیدی خواتین کوقرآنِ پاک کی تعلیم دینے اور سنّتیں سکھانے کے لئے آتی تھیں۔ ان کا اسلام کے سانچے میں ڈھلا کرداراور چہرے سے تقدُّس کے جھلکتے انوار دیکھ کر مجھے ان میں عجیب کشش محسوس ہوئی،انہیں دیکھ کر مجھے حضرت سیِّدتُنا مریم رضی اللہ تعالیٰ عنہا یاد آجاتیں۔ میں نے جب ان سے ملاقات کی تو انہوں نے اپنا تعارُف کچھ یوں کروایا:میرا تعلُّق دعوتِ اسلامی سے ہے،دعوتِ اسلامی تبلیغِ قراٰن و سنّت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک ہے ، دعوتِ اسلامی نے ہمیں یہ مَدَنی مقصد عطا فرمایا ہے کہ ''مجھے اپنی اور ساری دنیا کے لوگوں کی اصلاح کی کوشش کرنی ہے،''
اِنْ شَاءَاللہ عَزَّوَجَلَّ
اِسی عظیم مقصد کو پورا کرنے کی کوشِش کے لئے دعوتِ اسلامی نے مختلف شُعبوں میں مَدَنی کام کرنے کیلئے جہاں دیگر مجالس قائم ہیں وہیں ایک مجلس ''فیضانِ قرآن''کے نام سے بھی ہے جو دنیا کے مختلف مُمالِک کے جیل خانہ جات میں دعوتِ اسلامی کا'' مَدَنی کام''کرنے کی سعی میں مصروف ہے، میں اِسی مجلس کی اجازت سے یہاں قیدی خواتین کی اِصلاح کی کوشِش کا جذبہ لے کر آتی ہوں ۔