صَلُّوا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد
تُوبُوا اِلَی اللہ! اَسْتَغْفِرُاللہ
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد
مسلمان کی عزّت کی حفاظت کا ثواب
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! آپ کے سامنے جب بھی کوئی آدَمی کسی اسلامی بھائی کی خطا یا اُس کے عیب کا تذکِرہ اُس کی موجودَگی میں یا پسِ پُشت (یعنی پیٹھ پیچھے)شروع کرے تو سننے میں اگر کوئی مصلَحتِ شرعی نہ ہو تو فوراً احتِرامِ مسلم کا لحاظ کرتے ہوئے ثوابِ آخِرت کمانے کی نیّت سے اپنے اسلامی بھائی کی عزّت کی حفاظت کرنے کی ترکیب کی جئے۔ تاجدارِ رسالت، مصطَفٰے جانِ رحمت ،شمعِ بزمِ ہدایت ،سراپا عظمت و شرافت صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمانِ عافیت نشان ہے:جو اپنے (مسلمان )بھائی کی پیٹھ پیچھے اُس کی عزّت کا تَحفُّظ کرے تو اللہ عَزَّوَجَلَّ کے ذمَّہ کرم پر ہے کہ وہ اُسے جہنَّم سے آزاد کردے۔
(مُسندِ اِمام احمد ج۶ ص۴۶۱)
حضرتِ سےِّدُنا اَنَس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبیِّ کریم، رء ُوفٌ رَّحیم
علیہ اَفْضَلُ الصَّلٰوۃِوَ التَّسلیم
نے ارشاد فرمایا:جس نے دُنیا میں اپنے بھائی کی عزَّت کی حفاظت کی، اللہ عَزَّوَجَلَّ قیامت کے دن ایک فِرِشتہ بھیجے گا جو جہنَّم سے اس کی حفاظت فرمائے گا۔
(ذَمُّ الْغِیبَۃلِابْنِ اَبِی الدُّنْیا ص۱۳۱ حدیث۱۰۵)