| غیبت کی تباہ کاریاں |
فرمانِ مصطَفےٰ :(صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم)جو شخص مجھ پر درود پاک پڑھنا بھول گیا وہ جنت کا راستہ بھول گیا۔
جنِّت کے دو جوڑے
جب کسی کا بچّہ بیمار ہو جائے، کوئی بے روز گار یا قرضدار ہوجائے،حادِثے کا شکار ہو جائے،چور یا ڈاکو مال لیکرفِرار ہو جائے ،کاروبار میں نقصان سے ہمکنار ہو جائے کوئی چیز گم ہو جانے کے سبب بیقرار ہو جائے، اَلغَرَض کسی طرح کی بھی پریشانی سے دو چار ہو جائے اُس کی دلجوئی کیلئے زَبان چلانا بَہُت بڑے ثواب کاکام ہے چُنانچِہ حضرتِ سیِّدُنا جابِر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ حُسنِ اَخلاق کے پیکر،نبیوں کے تاجور،رسولِ انور، مَحبوبِ رَبِّ اکبرعَزَّوَجَلَّ وصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کا ارشادِ روح پرور ہے: ''جو کسی غمزدہ شخص سے تعزیَّت کر ے گا اللہ عَزَّوَجَلَّ اُسے تقوٰی کا لباس پہنائے گا اور رُوحو ں کے درمِیان اس کی رُوح پر رَحمت فرمائے گا اور جو کسی مصیبت زدہ سے تعزیَّت کریگااللہ عَزَّوَجَلَّ اُسے جنّت کے جوڑوں میں سے دوایسے جوڑے پہنائے گا جن کی قیمت (ساری)دنیا بھی نہیں ہوسکتی۔''
(اَلْمُعْجَمُ الْاَ وْسَط ج۶ ص ۴۲۹حدیث ۹۲۹۲)
یا خدا صدقہ نبی کا بخش مجھ کو بے حساب نزع و قبر وحشر میں مجھ کو نہ دینا کچھ عذاب
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد تُوبُوا اِلَی اللہ! اَسْتَغْفِرُاللہ صَلُّوا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد
غیبت سننا بھی حرام ہے
خاتَمُ الْمُرْسَلین، رَحْمَۃٌ لّلْعٰلمین صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے گانا گانے اور گانا سننے سے اور غیبت کرنے اور غیبت سننے سے اور چغلی کرنے اور چغلی سننے سے منع فرمایا۔
(اَلْجامِعُ الصَّغِیر لِلسُّیُوطی ص۵۶۰حدیث۹۳۷۸)
حضرتِ علامہ عبد الرء ُوف مُناوِی علیہ رحمۃ اللہ الہادی فرماتے ہیں : غیبت سننے والا بھی غیبت کرنے والوں میں سے ایک ہوتا ہے۔
(فیضُ القدیر ج۳ ص۶۱۲ تحتَ الحدیث۳۹۶۹)