| غیبت کی تباہ کاریاں |
فرمانِ مصطَفےٰ :(صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم)جس کے پاس میرا ذکر ہو اور وہ مجھ پر دُرُود شریف نہ پڑھے تو لوگوں میں وہ کنجوس ترین شخص ہے۔
قِیامت میں ایک ایک لفظ کا حساب ہو گا
میٹھے میٹھے اِسلامی بھائیو!آہ!بروزِ قِیامت ایک ایک لفظ کا حساب ہو گا ۔ غور کیجئے !اس فانی دُنیا میں ''عمرِ عزیزکے چار دن '' گزارنے کے بعدہمیں اندھیری قَبْر میں اُتار دیا جائے گااور پھر اس کی وَحشَت آمیز تنہائیوں میں نہ جانے کتنا عرصہ ہمارا قِیام ہوگا ۔ پھر جب عرصہ مَحشَر میں حساب و کتاب کیلئے حاضِری ہو گی تو اپنا ہرہر عمل اپنے نامہ اَعمال میں لکھا ہوا دِکھائی دے گا جیسا کہ قراٰنِ مجید ،فرقانِ حمید کے پارہ 30 سورۃُ الزِّلزال آیت نمبر 6تا8میں ارشاد ہوتا ہے :
یَوْمَئِذٍ یَّصْدُرُ النَّاسُ اَشْتَاتًا ۬ۙ لِّیُرَوْا اَعْمَالَھُمْ ؕ﴿۶﴾فَمَنۡ یَّعْمَلْ مِثْقَالَ ذَرَّۃٍ خَیۡرًا یَّرَہٗ ؕ﴿۷﴾وَ مَنۡ یَّعْمَلْ مِثْقَالَ ذَرَّۃٍ شَرًّا یَّرَہٗ ٪﴿۸﴾
ترجَمہ کنزالایمان:اس دن لوگ اپنے رب کی طرف پھریں گے کئی راہ ہوکر تاکہ اپنا کیا دکھائے جائیں تو جو ایک ذرہ بھر بھلائی کرے اسے دیکھے گا اور جو ایک ذرّہ بھر برائی کرے اسے دیکھے گا ۔
آہ!اللہ قدیرعَزَّوَجَلَّ کی خفیہ تدبیر ہمارے بارے میں کیا ہے کچھ نہیں معلوم ،آیا بارگاہِ ربّ العزّت عَزَّوَجَلَّ سے پروانہ مغفِرت جاری ہوگا یا(مَعَاذ اللہ عَزَّوَجَلَّ)
دُخولِ جہنَّم کا حکم ملے گااس کا کچھ نہیں پتا ۔
(نَسْئَلُ الْعَافِیَۃَ
یعنی ہم عَافِیَّت کا سُوال کرتے ہیں)
گر تُوناراض ہوا میری ہلاکت ہوگی! ہائے! میں نارِ جہنَّم میں جلوں گا یارب عَفْوکر اور سدا کے لئے راضی ہو جا گر کرم کردے تو جنت میں رہوں گا یارب
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد تُوبُوا اِلَی اللہ! اَسْتَغْفِرُاللہ صَلُّوا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد