میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! مذکورہ روایت کو بار بار پڑھئے اورتصوُّر کیجئے کہ رات کا سنّاٹا ہو، کُتّا بھونکتا ہوا پیچھے آ رہا ہو اور آپ اُس سے بچنے کیلئے تدبیریں کر رہے ہوں کہ یکایک جھپٹ کر آپ کے کُرتے کا دامن اپنے منہ سے پکڑ لے!اُس وقت آپ کی حالت کیا ہو گی !اب غور کیجئے کسی مسلمان کی غیبت کر دی اور مرنے کے بعد اگر سزاء ً جہنَّم کے کُتّے نے کرتے کے دامن کو نہیں بدن کو اور وہ بھی پکڑا ہی نہیں کاٹنا شُروع کر دیا تو اُس وقت کیا گزرے گی!
کرلے توبہ رب کی رحمت ہے بڑی
نار میں ورنہ سزا ہوگی کڑی
علَماء کی غیبت کی 15مثالیں
حالات بَہُت ناگُفتَہ بہ ہیں، شیطان نے اکثر مسلمانوں کو علمائے حق سے کافی دُور کر دیا ہے، افسوس! صدکروڑ افسوس!منہ بھر کر اب عُلَماءِ کرام کی غیبتیں کی جاتی ہیں۔ علَماء کی غیبت کی چندمثالیں مُلاحَظہ ہوں:*وعظ کے پیسے لیتا ہے* بڑا بد زَبان ہے * پیٹو ہے* حلوے مانڈے کھاتا ہے* کھاناڈٹ کر کھاتا ہے* اُس دن اُلٹے ہاتھ سے پانی پی رہا تھا*اپنے آپ کو سب سے بڑا عالم سمجھتا ہے* وعظ میں ناک سے بولتا ہے* بَہُت لمبا بیان کرتا ہے* بیان میں بس قصّے کہانیاں سناتا ہے*آواز بھی ''خاص ''نہیں *بھئی!ذرا بچ کر رہنا ''عَلّامہ صاحِب''ہیں* لالچی ہے*چھوڑو چھوڑو یار !وہ تو مولوی ہے*(معاذَاﷲ عالِموں کو بعض لوگ حقارت سے کہدیتے ہیں )یہ مُلّا لوگ۔