| غیبت کی تباہ کاریاں |
فرمانِ مصطَفےٰ :(صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم)جس کے پاس میرا ذکر ہو اور وہ مجھ پر دُرُود شریف نہ پڑھے تو لوگوں میں وہ کنجوس ترین شخص ہے۔
جو زیادہ بولتا ہے وہ زیادہ غَلَطیاں کرتا ہے
دعوتِ اسلامی کے اِشاعتی ادارے مکتبۃُ المدینہ کی مطبوعہ 344 صَفحات پر مشتمل کتاب ، ''مِنہاجُ العابدین'' صَفْحَہ 108پر حُجَّۃُ الْاِسلام حضرت سیِّدُنا امام محمدبن محمد غزالی علیہ رحمۃ اللہ الوالی فرماتے ہیں: زَبان کی حفاظت سے نیک اعمال محفوظ ہوتے ہیں کیونکہ جو شخص زبان کا دھیان نہیں رکھتا ، ہر وقت بولتاہی رہتا ہے ، وہ عُمُوماً لوگوں کی غیبت میں مُبتَلا ہو جاتا ہے ۔
(مِنْھاجُ الْعابِدِین(عربی)ص۶۵)
مشہورمُحاورہ ہے:
مَنْ کَثُرَ لَغَطُہُ کَثُرَسَقَطُہُ
یعنی جو زیادہ بولتا ہے زیادہ غَلَطیاں کرتا ہے۔
دیوانے ہو جاؤ
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!اگر لب کھولنا اور منہ سے بولنا ہی ہے تو تلاوت کیجئے، نعت شریف پڑھئے،خوب خوب ذکرِالہٰی کیجئے۔دو فرامینِ مصطَفٰے صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم :(1)اِس کثرت کے ساتھ ذِکر ُاللہ عَزَّوَجَلَّ کیا کرو کہ لوگ دیوانہ کہنے لگیں۔
(اَلْمُستَدرَک لِلْحاکِم ج۲ ص۱۷۳ حدیث ۱۸۸۲)
(2) اللہ کا اتنی کثرت سے ذکر کرو کہ منافِقین تمہیں ریا کار کہنے لگیں۔
(اَلْمُعْجَمُ الْکبِیر لِلطّبَرانی ج۱۲ ص۱۳۱حدیث ۱۲۷۸۶)
جنَّت کے مَحَلّات حاصِل کرنے کا نُسخہ
زَبان کے عمدہ استعمال کیلئے ایک ایمان افروز روایت سنئے اور جھومئے چُنانچِہ حضرتِ سیِّدُنا سعید بِن مُسَیَّب رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ اللہ کے مَحبوب، دانائے غُیوب ، مُنَزَّہ عَنِ الْعُیوب عَزَّوَجَل و صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمانِ جنّت نشان ہے:جس نے
قُلْ ہُوَ اللہُ اَحَدٌ
(پوری سورت )کو 10 بار پڑھا اللہ تعالیٰ اس کے لئے جنَّت میں مَحَل بناتا ہے جس نے 20 بار پڑھا اس کے لئیدو مَحَل بناتا ہے جس نے30 بار پڑھا اس کے لئے تین مَحَل بناتا ہے۔ حضرتِ سیِّدُنا عمر بن خطّاب رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے عرض کی:یارسولَ اللہ عَزَّوَجَل و صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم !اُس وَقت ہمارے بَہُت سے مَحَلَّات ہوں گے ؟ارشاد فرمایا: اللہ تعالیٰ کافَضل اس سے بھی زیادہ وسیع ہے۔
(سُنَنِ دارمی ج۲ ص۵۵۲ حدیث۳۴۲۹)