Brailvi Books

فکرِ مدینہ
134 - 166
میں؟ ....یا... .کسی کی غیبت سننے،کسی کی گفتگو چھپ کر سننے ، چغلی سننے ، فحش بات چیت سننے اور گانے سننے میں ؟۔۔۔۔۔۔ 

    اے بندے ! اگر ان کانوں کا غلط استعمال جاری رہا تو عنقریب تجھے اس کا حساب دینا ہوگا پھر تیرا کوئی عذر نہیں چل سکے گا ،۔۔۔۔۔۔ کیا تونے نہیں سنا کہ جو کان حرام سننے میں مشغول رہے ، قیامت کے دن ان میں پگھلا ہوا سیسہ بھرا جائے گا (الامان والحفیظ)،۔۔۔۔۔۔ ذرا سوچ! اگر تجھے اس عذاب میں مبتلاء کردیا گیا تو کیا تُو اس کی تاب لاسکے گا ؟ ۔۔۔۔۔۔تیرے کان تو اتنے نازک ہیں کہ اچانک بلند ہونے والی آواز کو برداشت نہیں کر پاتے ، اور اگر ان میں معمولی سا زخم ہوجائے یا یہ متورِّم ہوجائیں تو تجھے ساری ساری رات نیند نہیں آتی ،۔۔۔۔۔۔ اس لئے سمجھ داری کا ثبوت دے اور سابقہ خطاؤں پر توبہ کر کے آئندہ کے لئے انہیں غلط استعمال سے بچانے کے لئے قفل ِ مدینہ لگا لے ۔ اللہ تعالیٰ تیرا حامیئ وناصر ہو ۔آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم ۔۔۔۔۔۔ ''
 (6) ہاتھ پاؤں کے حوالے سے'' فکرِ مدینہ''
    اپنے ہاتھ پاؤں کا اس طرح سے محاسبہ کریں کہ ،''اے بندے ! رب العالمین جل جلالہ نے تجھے ہاتھ اور پاؤں کی سلامتی کا تحفہ عطا فرمایا جن کی مدد سے تو اپنے بے شمار معمولاتِ زندگی پورے کرتا ہے ،۔۔۔۔۔۔ ذرا غور کر ! تو نے آج تک انہیں کن مقاصد میں استعمال کیا ؟۔۔۔۔۔۔ کیا تو ان کی مدد سے نامحرم عورتوں کو چھوتا رہا،اُن سے مصافحہ کرتا رہا، امردوں سے بشہوت ہنسی مذاق کرتا رہا،داڑھی مونڈھتا رہا، مسلمانوں پر ظلم ڈھاتا رہا، ان کو قتل تک کردیتا رہا ،ایسی جگہوں پر جانے کا شوقین رہا جہاں کثرت سے گناہ ہوتے ہوں،ناچ رنگ کرتا رہا ، تاش،شطرنج اور لُوڈُوجیسے کھیل کھیلتا رہا،پتنگ اڑاتا رہا،پتنگ اور ڈور لوٹتا رہا،چوری کرتا رہا،ڈکیتی مارتارہااوررشوت لیتا رہا....یاپھر.... تم نے قرآن پاک کو چھونے ،نماز کی ادائیگی کے لئے جانے، نیک اجتماع میں شرکت کرنے، مدنی قافلہ میں سفر کرنے، تبرکات کو چومنے ، نیکی کی دعوت کے لئے جانے ، کسی مصیبت زدہ کی مدد کرنے ، ماں باپ کے پاؤں وغیرہ دابنے اورحقوق العباد پورے کرنے میں ان سے مدد لی ؟۔۔۔۔۔۔

    اے بندے یاد رکھ ! قیامت کے دن یہی ہاتھ اور پاؤں، جو آج تیرے بدن کا حصہ ہیں ، تیرے خلاف بارگاہِ خداوندی میں گواہی دیں گے کہ ہاں اس شخص نے فلاں فلاں گناہ کا کام کیا تھا ؟۔۔۔۔۔۔ وہ وقت کیسی بے بسی کا ہوگا جب تیرے اعضاء بھی تیرا ساتھ چھوڑ جائیں گے ،۔۔۔۔۔۔ ابھی بھی وقت ہے سنبھل جا، توبہ کر لے اور اپنے ہاتھ پاؤں کو غلط کاموں سے بچانے کے لئے ان کو قفل ِ مدینہ لگا دے ۔اللہ تعالیٰ تیرا حامیئ وناصر ہو۔ آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم ۔۔۔۔۔۔''
Flag Counter