فیضانِ زکاۃ |
امیر المومنین فاروق اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا بحث کرنا اس وجہ سے تھا کہ ان کے علم میں پہلے یہ بات نہ تھی، کہ وہ فرضیت کے منکر ہیں یہ خیال تھا کہ زکوٰۃ دیتے نہیں اس کی وجہ سے گنہگار ہوئے، کا فر تو نہ ہوئے کہ ان پر جہاد قائم کیا جائے، مگر جب معلوم ہوگیا تو فرماتے ہیں میں نے پہچان لیا کہ وہی حق ہے، جو (سیدنا)صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے سمجھا اور کیا۔ ''(بہارِ شریعت ،ج۱،حصہ ۵،ص ۸۷۰)
زکوٰۃ کب فرض ہوئی؟
زکوٰۃ2ہجری میں روزوں سے قبل فرض ہوئی ۔
(الدرالمختار،کتاب الزکوٰۃ،ج۳،ص۲۰۲)
زکوٰۃ کی فرضیت کا انکارکرنا کیسا؟
زکوٰۃ کا فرض ہونا قرآن سے ثابت ہے ،اس کا اِنکار کرنے والا کافر ہے ۔
(ماخوذ ازالفتاویٰ الھندیۃ،کتاب الزکوٰۃ ،الباب الاول،ج۱،ص۷۰ ۱)
'' غمِ مال سے بچا یاالٰہی ''کے سولہ حُرُوف کی نسبت سے زکوٰۃ ادا کرنے کے16 فضائل وفوائد
(1)تکمیل ایمان کا ذریعہ
زکوٰۃ دینا تکمیل ِ ایمان کا ذریعہ ہے جیسا کہ حضورِ پاک، صاحبِ لَولاک، سیّاحِ افلاک صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ والہ وسلم نے ارشاد فرمایا:'' تمہارے اسلام کا پورا ہونا یہ ہے کہ تم اپنے مالوں کی زکوٰۃ ادا کرو۔''
(الترغیب والترھیب ،کتاب الصدقات ،باب الترغیب فی اداءِ الزکوٰۃ،الحدیث۱۲، ج۱، ص۳۰۱ )