(9)سیدنا امام حسین سیدنا صدیق اکبر کے داماد
حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہ کی پوتی یعنی حضرت سیدنا عبد الرحمن بن ابوبکر رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُمَا کی بیٹی حضرت سیدتنا حفصہ بنت عبد الرحمن بن ابی بکر رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُم حضرت سیدنا امام حسین رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہ کی زوجہ ہیں۔ یوں حضرت سیدنا امام حسین رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہ حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہکے داماد محترم ہوئے۔لہٰذا ان سے ہونے والی اولاد اپنے والد کی طرف سے ’’علوی وفاطمی‘‘ اور والدہ کی طرف سے’’صدیقی‘‘ہے۔
(الطبقات الکبری لابن سعد، تسمیۃ نساء اللواتی۔۔۔الخ، ج۸، ص۳۴۲ ملخصا)
خاندان صدیق اکبر اورخاندان اہل بیت میں محبت کا انوکھا انداز
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہ کے خاندان اور اہل بیت میں محبت کا ایک ایسا انوکھا انداز بھی دیکھنے میں آیا جو اس بات کا بَیّن ثُبُوت ہے کہ ان دونوں مبارک خاندانوں میں ظاہری رشتہ داری کے علاوہ بہت ہی گہری الفت ومحبت کا باطنی رشتہ بھی قائم تھا وہ یوں کہ ان دونوں خاندانوں کے کئی افراد کے نام مشترک یعنی ایک ہی جیسے تھےاور اس بات کی اہمیت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا کہ جب کوئی اپنے بچوں کے نام رکھتا ہے تو عموما ان لوگوں کے نام پر رکھتا ہے جو اسے بہت ہی زیادہ پسند ہوں اوران لوگوں کے نام پر نام رکھنے سے بچتا ہے جو اسے ناپسند ہوں۔خاندان صدیق اکبر اور خاندان اہل بیت میں محبت کے اس انوکھے انداز کو ملاحظہ کیجئے:
(1)حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہکا اپنا نام’’عبداللہ ‘‘ اور آپ کے سب سے بڑے بیٹے کا نام بھی ’’عبداللہ ‘‘ ہے۔اسی طرح حضرت سیدنا علی المرتضی شیر خدا کَرَّمَ اللہ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم کے ایک بیٹے کا نام بھی ’’عبداللہ ‘‘ہےاور حضرت سیدنا امام حسن رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہوامام حسین رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہکے بھی ایک ایک بیٹے کا نام ’’عبداللہ ‘‘ہے۔