سیدتنا شہر بانو کے نام کی وجہ تسمیہ
حضرت سیدنا علی المرتضی شیر خدا کَرَّمَ اللہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْمنے جب اپنے بیٹے امام حسین رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہ کا نکاح فرمادیا تو ان کو مبارک باد دینے کے لیے ان دونوں کے پاس تشریف لائے اور استفسار فرمایاکہ ان کا نام کیا ہے؟ عرض کیا : ’’کَیْہَان بَانَو‘‘فرمایا:’’اس کا کیا مطلب ہے؟‘‘عرض کیا:’’سَیِّدَۃُ الدُّنْیَا وَالْآخِرَۃ یعنی دنیا وآخرت کی سردار۔‘‘آپ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہنے ارشاد فرمایا: ’’سَیِّدَۃُ الدُّنْیَا وَالْآخِرَۃِ فَاطِمَۃُ بِنْت رَسُوْلِ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم‘‘یعنی دنیا وآخرت کی سردار تو رسول اللہ صَلَّی اللہ تَعَا لٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکی بیٹی فاطمہ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہَا ہیں۔پھر ان کا نام تبدیل کرکے سَیِّدَۃُ الْبَلَدَۃِ یعنی ’’شہر بانو ‘‘رکھ دیا اورآپ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہَا اسی نام سے مشہور ہوگئیں۔ (لباب الانساب والالقاب والاعقاب،ابناء علی ،العلویۃ الجعفریۃ و العقیلیۃ،ج۱، ص۲۲ )
(8)حضرت سیدنا امام جعفر صادق کا نسب
حضرت سیدنا امام جعفر صادق رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہ کی والدہ محترمہ کا اسم گرامی حضرت سیدتنا اُمّ فروہ بنت قاسم بن محمد بن ابی بکر صدیق رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُمہے۔ جبکہ آپ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہکے والد گرامی کا اسم مبارک حضرت سیدنا امام محمد باقر بن علی زین العابدین بن حسین بن علی المرتضی شیر خدا رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُمہے۔یوں آپ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہ والدہ کی طرف سے حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہ اور والد کی طرف سے حضرت سیدنا علی المرتضی شیرخدا کَرَّمَ اللہ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم سے جاملتے ہیں۔یعنی آپ والدہ کی طرف سے ’’صدیقی‘‘ اور والد کی طرف سے ’’علوی وفاطمی‘‘ ہیں۔
٭…سیدنا جعفر بن ام فروہ بنت قاسم بن محمد بن ابی بکرصدیق۔
٭…سیدنا جعفر بن محمد باقر بن علی زین العابدین بن حسین بن علی المرتضی ۔
(اللباب في تهذيب الأنساب،باب الصاد المھملۃ والالف، ج۲، ص۴۱، شرح العقائد، ص۳۲۸ )