صدیق اکبر کی پیدائش و جائے پرورش
دنیامیں تشریف آوری
آپ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہ عام الفیل کے اڑھائی سال بعد اورسرکار صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکی ولادت کے دو سال اور چند ماہ بعدپیداہوئے۔آپ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہ ۶ ماہ شکم مادر میں رہے اور دو سال تک اپنی والدہ کا دودھ پیا۔
(الاصابۃ فی تمییز الصحابۃ، ج۴، ص۱۴۵، تاریخ الخلفاء،ص۲۴، نور العرفان، پ۲۶، الاحقاف: ۱۵)
جائے پرورش اوردیگر معاملات
آپ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہکی جائے پرورش مکۂ مکرمہ ہے، آپ صرف تجارت کی غرض سے باہر تشریف لے جاتے تھے، اپنی قوم میں بڑے مالدار بامروت ، حسن اخلاق کے مالک اور نہایت ہی عزت وشرف والے تھے۔
(اسد الغابۃ،باب العین، عبد اللہ بن عثمان ابوبکر الصدیق، ج۳،ص۳۱۶، تاریخ الخلفاء، ص۲۴)
صدیق اکبر کے تین مبارک گھر
(1)مکۂ مکرمہ میں حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہ کا ایک گھرمحلہ مسفلہ میں واقع ہے جس میں وہ دو مبارک پتھر لگے ہوئے ہیں جنہوں نے اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے محبوب، دانائے غیوب صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کو قبل از اعلانِ نبوت سلام کیا۔ واضح رہے کہ حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہنے مکی زندگی اسی مبارک مکان میں بسر کی۔
(2)مدینہ منورہ میں آپ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہکے دو گھر تھے، ایک گھر مسجد نبوی سے متصل تھا جس کی کھڑکی مسجد نبوی کے اندر کھلتی تھی اور اسی کھڑکی کے متعلق سرکار صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے آخری عمر میں ارشاد فرمایا کہ ’’ابوبکر کی کھڑکی کے سوا تمام کھڑکیاں بند کردو۔‘‘
(3)دوسرا گھر مقام’’سُنْح‘‘ میں واقع تھا ،اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے محبوب، دانائے غیوب صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکے وصال ظاہری کے وقت آپ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہ اسی گھر سے کاشانہ نبوت حاضر ہوئے تھے۔
(مرآۃ المناجیح، ج۸، ص۳۴۷، فتح الباری، الحدیث: ۳۶۵۴، ج۸، ص۱۲ملخصا)