فیضانِ چہل احادیث |
یاد رکھئے توحید ورسالت کی گواہی کے باوجود اگر آدمی سے کوئی ایسا قول یا فعل پایا گیا جس کو سرکارصلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے کفر کی نشانی فرمایا ہوتو شریعت مطہرہ کے حکم کے مطابق وہ کافر ہوجائے گا اگرچہ بظاہر توحید ورسالت کی تصدیق واقرار کرتا ہو،جیسے بُت کو سجدہ کرنا،زُنّار باندھناوغیرہ۔
(ماخوذازاشعۃاللمعات،ج۱،ص۴۰)
جس شخص نے گناہِ کبیرہ کئے ہوں اور توبہ کئے بغیر مرگیا ہو وہ اللہ تعالیٰ کی مشیّت میں ہے وہ چاہے تو اس کومعاف کردے اور اس کو ابتداء ًجنت میں داخل کردے اور اگر چاہے تو اس کو اتنی دیر عذاب دے جتنا اسے(یعنی اللہ عزوجل ) کو منظور ہو اور پھر جنت میں داخل کر دے۔لہٰذا جو شخص بھی عقیده تو حید ورسالت پر فوت ہوا اس کو دوزخ کادائمی عذاب نہیں ہوگاچاہے وہ گناہ گارکیوں نہ ہو جب کہ اس کے برعکس جس شخص کی موت کفر پر واقع ہوئی وہ جنت میں داخل نہیں ہوگا خواہ اس نے ڈھیروں نیکیاں کر رکھی ہوں۔
(ماخوذ ازشرح مسلم للنووی،کتاب الایمان ، ج ۱، ص۴۱)
فکرمدینہ:
کیا آج آپ نے کم از کم ایک بار (بہتر یہ ہے کہ سونے سے قبْل) صلوٰۃ التوبہ پڑھ کر دن بھر کے بلکہ سابقہ ہونے والے تمام گناہوں سے توبہ کر لی ؟ نیز خدانخواستہ گناہ ہوجانے کی صورت میں فوراً توبہ کر کے آئندہ وہ گناہ نہ کرنے کا عہد کیا ؟
دعا:
یاربِّ مصطَفٰے عَزَّوَجَلَّ وصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ! ہمیں ایمان کی سلامتی نصیب فرما اور گناہوں سے بچنے کی توفیق عطا فرما ۔ یا اللہ! عَزَّوَجَلّ ہمیں مَدَنی انعامات کا عامل بنا۔ یا اللہ! عَزَّوَجَلّ ہماری بے حِساب مغفِرت فرما۔یااللہ ! عَزَّوَجَلَّ ہمیں دعوتِ اسلامی کے مَدَنی ماحول میں اِستِقامت عطا فرما۔یا اللہ عَزَّوَجَلَّ ہمیں سچّا عاشِقِ رسول بنا۔یااللہ ! عَزَّوَجَلَّ اُمَّتِ محبوب (صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ) کی بخشش فرما ۔ اٰمِین بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِین صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم