صوبہ سرحد(پاکستان)کے نادرن ایریا گلگت کے ایک اسلامی بھائی احمد اللہ عطّاری کا بیان کچھ یوں ہے:میرے بڑے بھائی جو اس وقت شعبہ تعلیم میں آفیسر ہیں،مجھے دینی ودنیاوی تعلیم دلوانے کی غرض سے ستمبر1989 میں گلگت سے کراچی لے آئے۔ اسی سال دعوتِ اسلامی کا سالانہ بین الاقوامی سنتّوں بھرا اجتماع ککری گراونڈ(باب المدینہ کراچی)میں منعقد ہوا ۔ ہم بھی اس میں شریک ہوئے ۔ اجتماع کی رونق اور ذکر و دعاکی روحانیت دیکھ کر میں بڑا حیران ہوا کہ آج تک میں نے ایسا بارونق اجتماع نہیں دیکھا تھا اور نہ ہی ذکر و دعا کی ایسی روحانی کیفیت کبھی نصیب ہوئی تھی۔ اس اجتماع میں شرکت سے پہلے یعنی میٹرک پاس کرنے تک صرف نَماز پڑھتے وقت ٹوپی رکھتا تھا اوراگر کبھی نماز کے فوراً بعد ٹوپی اُتارنا بھول جاتا اور جب یا د آتا تو افسوس ہوتا تھا کہ (معاذ اللہ عزوجل )ابھی تک ٹوپی میرے سر پر ہے۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَزَّوَجَلَّ سنّتوں بھرے اجتماع میں شرکت کی بَرَکت سے سر پر سبز عمامہ شریف سج گیا اور َ تادمِ تحریراس پر استقامت حاصل ہے۔