ڈیرہ اسماعیل خان (صوبہ سرحد ،پاکستان) کے ایک مَدَنی اسلامی بھائی محمد بلال العطاری المدنی(عمرتقریباً 29سال) کا بیان کچھ یوں ہے کہ پہلے پہل میں کلین شیوتھا ۔ داڑھی اور زُلفیں رکھنے کا بالکل ذہن نہیں تھا بلکہ اگر کوئی مجھے ان کی ترغیب بھی دِلاتا تو میں ہنس کر ٹال دیتا تھا ۔میرے دعوتِ اسلامی کے سنّتوں بھرے مہکے مہکے مَدَنی ماحول سے وابستہ ہونے کا آغاز کچھ یوں ہوا کہ میرے بڑے بھائی (جو مَدَنی ماحول سے وابستہ تھے ) نے مجھے علمِ دین حاصل کرنے کے لئے دعوتِ اسلامی کے جامعۃ المدینہ (فیضانِ مدینہ مرکز الاولیاء لاہور) میں داخل کروادیا ۔ شروع شروع میں تو وہاں میرا دل نہ لگا ،میں نے وہاں سے راہِ فرار اختیار کرنے کا بھی سوچا مگر بھائی کی وجہ سے ناکام رہا ۔ عاشقانِ رسول کی صحبت کی بَرَکت سے وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دعوتِ اسلامی کی محبت میرے دل میں گھر کر گئی اور علمِ دین حاصل کرنے میں استقامت نصیب ہوگئی۔ اس دوران عطّاری بھی بن گیا۔ اَلْحَمْدُلِلّٰہِ عَزَّوَجَلَّ !میں نے 7سال کے عرصے میں درسِ نظامی کا کورس مکمل کیا اور اب میں ایک مدرِّس کی حیثیت سے جامعۃ المدینہ ڈیرہ اسماعیل خان میں پڑھارہا ہوں۔