سیّدنا امامِ اعظم کا قیمتی عمامہ و لباس
مُفَسِّرِ قرآن ،حضرت علامہ اسماعیل حَقِّی حَنَفِی عَلَیہ رَحمَۃُ اللہِ القَوِی نقل فرماتے ہیں کہ حضرت سیّدنا امامِ اعظم ابو حنیفہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ نے رات کی نماز کے لیے ایک قیمتی لباس سلوا رکھا تھا جس میں قمیص ، عمامہ ، چادر اور شلوار تھی اس کی قیمت پندرہ سو درہم تھی ۔ آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنہ اسے روزانہ رات کے وقت زیبِ تن فرماتے اور ارشاد فرماتے: اَلتَّزَیُّنُ لِلّٰہِ تَعَالٰی اَوْلٰی مِنَ التَّزَیُّنِ لِلنَّاسِ یعنی اللہ عَزَّوَجَلَّ کے لیے زینت اختیار کرنا لوگوں کے لیے زینت اختیار کرنے سے بہتر ہے۔
(تفسیرروح البیان ،پ ۸، الاعراف، تحت الآیۃ: ۳۱، ۳/۱۵۴)
امامِ مالک اور باعمامہ محدثین
حضرت سیّدنا ابنِ وہب عَلَیہِ رَحمَۃُ الرَّب فرماتے ہیں مجھے حضرت سیّدنا امام مالک عَلَیہِ رَحمَۃُ اللہِ الخَالِق نے بتایا کہ میں حضرت سیّدنا یحییٰ بن سعید، سیّدنا ربیعہ اور ابن ہُرمُز رَحِمَہُمُ اللہُ تَعَالٰی عَلَیھِم اَجمَعِین جیسے جتنے بھی اہلِ علم و فضل سے ملا وہ سبھی عمامے باندھا کرتے تھے ۔ ایک بار میں حضرت سیّدنا ربیعہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کی مجلس میں موجود تھا جس میں اکتیس مرد تھے ان سب نے عمامے باندھ رکھے تھے اور میں بھی انہی (عمامہ باندھنے والوں ) میں سے تھا۔