Brailvi Books

عمامہ کے فضائل
178 - 479
{3} سیّدنا علی المرتضٰی کا عمامہ 
	حضرت سیّدنا ابُولَبِید رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ فرماتے ہیں : میں نے حضرت سیّدنا علی المرتضیٰ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ کو دیکھا آپ اپنے خچر پر سوار ہو کر ایک کھیت کے پاس آئے ۔ اس وقت آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ تہبند اور ایک چادر زیبِ تن کیے ہوئے تھے اور سر پر عمامہ شریف سجایا ہوا تھا اور موزے پہن رکھے تھے۔ میں نے دیکھا کہ آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ نے پیشاب کیا پھر وضو فرمایا اور سر سے عمامہ شریف اتارا۔ میں نے دیکھا کہ آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ کا سر مبارک میری ہتھیلی کی طرح ہے اور بال مبارک انگلیوں کی لکیروں کی طرح ہیں۔ پھر آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ نے اپنے سر اور موزوں پر مسح فرمایا۔ (مصنف ابن ابی شیبہ ، کتاب الطھارۃ ، باب من کان لایری المسح علیھاویمسح علی راسہ ، ۱/۳۱۵، حدیث:۲۳۳) 
{4}سیّدنا امامِ حسین کا عمامہ 
	حضرت امام سُدِّی عَلیْہ رَحْمَۃُاللہِ الْقَوِی فرماتے ہیں میں نے حضرت سیّدنا امام حسین بن علی رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنہُما کی زیارت کی تو دیکھا کہ آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنہ نے ریشم ملا اونی عمامہ شریف باندھا ہوا تھا اور عمامے کے نیچے سے آپ کے کچھ مبارک بال نکلے ہوئے تھے۔ (مجمع الزوائد، کتاب اللباس، باب استعمال الحریر لعلۃ، ۵/۲۵۶، حدیث:۸۶۷۱)