آپ دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے قلبی لگاؤ کو سامنے رکھتے ہوئے اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّوَجَلَّ تبلیغِ قرآن وسنت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک دعوتِ اسلامی کی مجلس المدینۃ العلمیۃ کے’’ شعبہ امیرِ اہلِ سنّت‘‘ کو عمامہ شریف کے متعلق کام سونپا گیا۔ تصنیف و تالیف سے وابستہ اسلامی بھائی جانتے ہیں کہ کسی بھی ایسے موضوع پر کتاب لکھنا یا مرتب کرنا جس پر پہلے ہی سے کئی کتب لکھی جا چکی ہوں ایک مشکل کام ہے۔ لیکن پہلے سے لکھی گئی کتابوں کی خوبیوں اور دیگر تمام اُمور کو سامنے رکھتے ہوئے جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اُسی موضوع پر ایک نئی کتاب ، علمی وتحقیقی طرز پر مرتب کی جائے تو اُس کی افادیت بڑھ جاتی ہے۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّوَجَلَّ اِس کتاب پر شعبہ امیرِ اہلِ سنّت (المدینۃ العلمیۃ) کے تین اِسلامی بھائیوں ابوسلمان محمد عدنان چشتی المدنی، ابوالخیر عبدالماجد عطاری المدنی اور ابوالقاسم عثمان فاروقی عطاری المدنی سَلَّمَہُمُ اللہُ الْغَنِی نے کام کرنے کی سعادت حاصل کی ہے۔
امیرِ اہلسنّت کی روحانی توجہ
مبلغِ دعوتِ اسلامی، رکنِ مرکزی مجلسِ شوریٰ،نگران مجلس المدینۃ العلمیہ ابوماجد محمد شاہد عطاری مدنی مُدَّظِلُّہُ العَالٰی کے بیان کا خلاصہ ہے کہ شیخِ طریقت ، امیرِ اہلسنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی عمامہ شریف سے محبت اور اس سنّت کو عام کرنے کی کڑھن کے پیشِ نظر جب کتاب ’’عمامے کے فضائل‘‘پر کام کی ابتدا کی گئی تو ایک رات میں نے خواب میں امیرِ اہلسنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی زیارت کی تو المدینۃ العلمیہ میں عمامے کے فضائل پر کئے جانے والے کام کی خوشخبری بھی سنائی۔