مُزارِع( کسان ) زَراعت، اَجِیر ( مزدور،ملازم) اِجارے، غَرَض ہر شخص جس حالت میں ہے اُس کے مُتَعَلِّق اَحکامِ شریعت سے واقِف ہو فَرضِ عَین ہے (فتاوٰی رضويہ مُخَرَّجہ ج23 ص 647 ، 648 ) نیزجس پر زکوٰۃ فَرض ہوئی اُس پر یہ بھی فرض ہے کہ زکوٰۃ کے ضَروری مسائل سیکھے اِسی طرح چندہ لینے والے پر بھی یہ فَرض ہے کہ اِس کے ضَروری مسائل سیکھے ۔ دیکھئے ! نفس کی چال میں آ کر ہمّت ہار کر کہیں دینِ اسلام کی عظیم خدمتوں کیلئے کئے جانے والے چندوں سے ہی کَنارہ کشی نہ کر بیٹھیں، بِالفَرض چندہ کرنا تَرک کر بھی دیا تب بھی نہ جاننے والے کیلئے مزید کئی طرح کے عُلوم سیکھنے فرض ہیں جن کی ہلکی سی جھلک آپ نے فتاوٰی رضویہ شریف کے جُزیئے میں مُلاحَظہ فرمائی۔ لہٰذا ہمّت کیجئے اور سیکھنے پر کمر بسَتہ ہو جایئے۔ میری ہر ذِمّے دار اسلامی بھائی کی خدمت میں عاجِزانہ مَدَنی التجا ہے کہ جس کو چندہ یا قربانی کی کھالیں وُصول کرنے کی اجازت دیں اُس کی شَرعی مسائل میں تربیّت بھی فرمائیں۔