حدیث:۴
حضرت ابوموسیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ عزوجل وصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایاہے کہ جو دو ٹھنڈی نمازوں(جاڑوں میں فجر و عشاء)کو پڑھے گا وہ جنت میں داخل ہوگا۔(1)(مشکوٰۃ،ج۱،ص۲)
حدیث:۵
حضرت ابنِ مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ عزوجل و صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا کہ کیاتم لوگ جانتے ہو کہ تمہارا رب تعالیٰ کیا فرماتا ہے؟ اللہ تعالیٰ یہ فرماتا ہے کہ میری عزت اور میری بزرگی کی قسم ہے کہ جو بندہ نماز کو اس کے وقت کے اندر پڑھے گا میں اُس کو جنت میں داخل کروں گا اور جو نماز کو اس کے وقت کے غیر میں پڑھے گا۔ اگر میں چاہوں گا تو اس پر رحم کروں گا اور اگر چاہوں گا تو اس کو عذاب دوں گا۔(2) (کنز العمال،ج۷،ص۲۲۳)
حدیث:۶
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ عزوجل و صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا :اللہ عزوجل ارشاد فرماتا ہے : میرے بندے کے لئے مجھ پر یہ عہد ہے کہ اگر وہ نماز کو اس کے وقت کے اندر پڑھے گا تو میں اس کو عذاب نہیں دوں گا اور اُس کو بِلا حساب جنت میں داخل کروں گا۔(3) (کنزالعمال،ج۷،ص۲۲۳)