| بہشت کی کنجیاں |
حدیث:۳
حضرت عقبہ بن عامر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ عزوجل و صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا کہ جو مسلمان اچھی طرح وضو کرے پھر کھڑے ہو کر دو رکعت نماز اس طرح پڑھے کہ اپنے دل اور چہرے کے ساتھ ان دونوں رکعتوں پر توجہ رکھے تو اس کے لئے جنت واجب ہوجاتی ہے۔(1) (مشکوٰۃ،ج۱،ص۳۹)
حدیث:۴
امیر المؤمنین حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ عزوجل وصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا کہ تم میں سے جو کوئی بھی خوب کامل وضو کرے پھر ان کلمات کو پڑھ لے:اَشْھَدُ اَنْ لَّآ اِلٰہَ اِلَّا اللہُ وَاَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُہٗ وَرَسُوْلُہٗ
تواس کے لئے جنت کے آٹھوں دروازے کھل جاتے ہیں کہ وہ جس دروازے سے چاہے جنت میں داخل ہوجائے۔(2) (مشکوٰۃ،ج۱،ص۳۹)
حدیث:۵
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ عزوجل و صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا کہ میری امت قیامت کے دن اس حالت میں بلائی جائے گی کہ ان کی پیشانی روشن اور ہاتھ پاؤں وضو کے اثرات سے چمکتے ہوں گے تو جو اپنی روشنی کو بڑھا سکتا ہو اس کو چاہے کہ وہ اپنی روشنی کو بڑھائے۔(3) (مشکوٰۃ،ج۱،ص۳۹)ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ 1۔۔۔۔۔۔صحیح مسلم،کتاب الطھارۃ،باب الذکرالمستحب...الخ،الحدیث:۲۳۴، ص۱۴۴ 2۔۔۔۔۔۔مشکاۃ المصابیح،کتاب الطھارۃ،الفصل الاول،الحدیث:۹۸۹،ج۱،ص۷۳ 3۔۔۔۔۔۔صحیح البخاری،کتاب الوضوء،باب فضل الوضوء...الخ،الحدیث:۱۳۶، ج۱،ص۷۱