وضو بھی اعمالِ جنت میں سے ایک عمل اورجنت کی سڑکوں میں سے ایک شاہراہ ہے۔ وضو کے فضائل اور اجرو ثواب کے بارے میں مندرجہ ذیل چند حدیثیں بہت زیادہ ایمان افروز اور رغبت انگیز ہیں۔
حدیث:۱
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ عزوجل و صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا کہ میں تمہیں ایسے کاموں کا راستہ نہ بتاؤں؟ جس سے اللہ تعالیٰ تمہارے گناہوں کوبھی مٹا دے اور تمہارے درجات کو بھی بلند فرمادے۔ صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم نے عرض کیاکہ کیوں نہیں ایسے عمل کی توبہت ضرورت ہے۔ توآپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ تکلیفوں کے باوجود ''کامل وُضو'' کرنا اورمسجدوں کی طرف بکثرت قدم رکھنااور ایک نماز کے بعد دوسری نماز کا انتظار کرنا۔ یہ چیزیں جہاد کے حکم میں ہیں۔(1) (مشکوٰۃ،ج۱،ص۳۸)
حدیث:۲
حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ عزوجل و صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا کہ جو بہترین طریقے سے وضو کرے تو اس کے بدن سے اس کے تمام گناہ نکل جاتے ہیں یہاں تک کہ اس کے ناخنوں کے نیچے کے گناہ بھی نکل جاتے ہیں۔(2)
(مشکوٰۃ،ج۱،ص۳۸)