Brailvi Books

بہشت کی کنجیاں
21 - 243
بسم اللہ الرحمن الرحیم 

نحمدہٗ ونصلی علی رسولہ الکریم
تمہیدی تجلیاں
 (۱)''جنتی زیور''کی تصنیف کے بعد خود بخود دل میں یہ خیال پیدا ہوا کہ جنت کی نعمتوں اورجنت میں لیجانے والے اعمال کے بارے میں بھی کوئی کتاب لکھدوں تاکہ مسلمان بھائی جنتی اعمال کی طرف راغب ہوکر اپنے جنت میں جانے کا سامان کریں مگر خدا کی شان کہ اس درمیان میں کئی بار مجھے پر مختلف بیماریوں کا حملہ ہوتارہا اورمیں کچھ بھی نہ لکھ سکا لیکن بحمدہ تعالیٰ امسال رمضان  ۱۴۰۰؁ھ میں صحت قدرے اچھی رہی اورمیں نے یہ طے کرلیا کہ اس رمضان شریف میں چھوٹا یا بڑا کہیں کا بھی کوئی سفر نہیں کروں گا چنانچہ ماہ رمضان میں مکان پر قیام کے دوران بحالت روزہ ان اوراق کو تحریر کرنے کی توفیق ہوئی ۔
فالحمد للہ علی ذلک
 (۲)یوں تو ہر نیک عمل جنت میں لے جانے والا عمل ہے مگر بعض ایسے نیک اعمال بھی ہیں جن پر خصوصیت کے ساتھ اللہ ورسول جل جلالہ وصلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی طرف سے جنت کا وعدہ اوربہشت کی خوشخبری دی گئی ہے چنانچہ اسی قسم کے اعمال حسنہ میں سے چن چن کر ساٹھ عملوں کو حدیثوں سے منتخب کر کے جمع کر دیا ہے اوران ساٹھ اعمال کو عنوان بنا کر ہر عنوان کے تحت ان اعمال کے فضائل میں چند احادیث نقل کر دی ہیں پھر ہر عنوان کے آخر میں ''تشریحات وفوائد ''لکھ کر حدیثوں کی وضاحت کرتے ہوئے ضروری مسائل کی بھی توضیح کردی ہے۔ان منتشر اوراق کے مجموعہ کو ''بہشت کی کنجیاں'' ''اعمالِ جنت ''کے نام سے ناظرین کی خدمت میں پیش کرتاہوں۔
Flag Counter