Brailvi Books

بہشت کی کنجیاں
157 - 243
توبہ کا طریقہ
    توبہ کابہترین طریقہ یہ ہے کہ گناہ کے بعدوضوکرے اوردو رکعت نماز صلوۃ التوبہ کی نیت سے پڑھے پھر اپنے گناہوں پرشرمندہ ہوکرخداسے یہ عہدکرے کہ میں اب کبھی بھی یہ گناہ نہ کروں گاپھر اس توبہ پر قائم رہے اور اس گناہ کے قریب نہ جائے اور خدا عزوجل سے اپنے گناہ کی بخشش اور معافی مانگے۔
(۲۷) اذکار ماثورہ
    ہر وہ لفظ یا جملہ جس سے خداوند قدوس کی عظمت و بزرگی اور کبریائی کا اظہار ہوتا ہو اس کو پڑھنا یہ ذکرالٰہی ہے مگر کچھ ایسے کلمات اور دعائیں ہیں جو حضور نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم سے منقول ہیں کہ ان کو خود حضور نے پڑھایا ان کے پڑھنے کا حکم دیایا اُن کوپڑھنے کی فضیلت یافائدہ اورثواب بتایا۔ایسے کلمات اوردعاؤں کو ''اذکارِماثورہ'' کہتے ہیں دوسرے اذکاراوردعاؤں کی بہ نسبت اذکارماثورہ کو پڑھنا بہت ہی افضل و اعلیٰ ذکراورباعث اجروثواب عمل صالح ہے اس لیے ہم چند اذکارِماثورہ بھی تحریرکررہے ہیں کیوں کہ یہ بھی اس اعمال صالحہ میں سے ہیں جوجنت میں لے جانے والے ہیں۔

حدیث:۱

     حضرت سمرہ بن جندب رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا کہ تمام کلاموں میں افضل یہ چار کلمات ہیں:
''سُبْحَانَ اللہِ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ وَلَآ اِلٰہَ اِلَّا اللہُ وَاللہُ اَکْبَرُ''
اور ایک روایت میں یوں ہے کہ تمام کلاموں میں اللہ تعالیٰ کو سب سے زیادہ یہ چاروں کلمات محبوب ہیں:
''سُبْحَانَ اللہِ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ وَلَآ اِلٰہَ اِلَّا اللہُ وَاللہُ اَکْبَرُ''
اور ان چاروں میں سے جس کو چاہو پہلے پڑھو جس کو چاہو بعد میں
Flag Counter