Brailvi Books

بہشت کی کنجیاں
118 - 243
    حضرت ابوھریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ عزوجل وصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا کہ جو شخص اللہ عزوجل اور اس کے رسول صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم پر ایمان لایا اور نماز قائم کی اور رمضان کا روزہ رکھا تو اللہ عزوجل پر حق ہے کہ اس شخص کو جنت میں داخل کردے خواہ وہ اللہ عزوجل کی راہ میں جہاد کرے یا جس زمین میں وہ پیدا ہوا وہیں بیٹھا رہے۔ یہ سن کر صحابہ علیہم الرضوان نے کہا کہ یا رسول اللہ عزوجل و صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم ! کیا ہم یہ خوشخبری لوگوں کو نہ سنادیں؟ تو آپ نے فرمایا کہ بلاشبہ جنت میں ایک سو درجات ایسے ہیں جن کو اللہ تعالیٰ نے انہی لوگوں کے لیے تیار کررکھا ہے جو لوگ اللہ عزوجل کی راہ میں جہاد کرنے والے ہیں اور ان درجات کے دو درجوں کے درمیان اتنا فاصلہ ہے جتنی کہ آسمان و زمین کے درمیان دوری ہے۔

حدیث:۲
    عَنْ اَبِیْ ھُرَیْرَۃَ قَالَ قَالَ رَسُوْلُ اللہِ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ اِنْتَدَبَ اللہُ لِمَنْ خَرَجَ فِیْ سَبِیْلِہٖ لَا یُخْرِجُہٗ اِلَّا اِیْمَانٌ بِیْ وَتَصْدِیْقٌ بِرُسُلِیْ اَنْ اُرْجِعَہٗ بِمَا نَالَ مِنْ اَجْرٍ وَّغَنِیْمَۃٍ اَوْاُدْخِلَہُ الْجَنَّۃَ۔متفق علیہ(1)
 (مشکوٰۃ،ج۲،ص۳۲۹)

    حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے، انہوں نے کہا کہ رسول اللہ عزوجل وصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اس شخص کے لیے ذمہ داری قبول کرلی ہے کہ جو مجھ پر ایمان لاتے ہوئے اور میرے رسولوں کی تصدیق کرتے ہوئے جہاد میں نکلا اس کو میں یا تو ثواب اور مال غنیمت دے کر اس کے گھر لوٹاؤں گا یا اس کو جنت میں داخل کردوں گا۔ یہ حدیث بخاری و مسلم میں ہے۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔مشکاۃالمصابیح،کتاب الجہاد،الفصل الاول،الحدیث:۳۷۸۹،ج۲،ص۲۳
Flag Counter