Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ نہم (9)
421 - 466
    مسئلہ۲: اگر دہنا ہاتھ اُس کا شل (1)ہوگیا ہے یا اس میں کا انگوٹھا یا اونگلیاں کٹی ہوں جب بھی کاٹ دیں گے اور اگربایاں ہاتھ شل ہو یا اس کا انگوٹھا یا دو اونگلیاں کٹی ہوں تو اب دہنا نہیں کاٹیں گے۔ یوہیں اگر دہنا پاؤں بیکار ہو یا کٹا ہو توبایاں پاؤں نہیں کاٹیں گے، بلکہ قید کریں گے۔(2) (عالمگیری، درمختار) 

    مسئلہ۳: ہاتھ کاٹنے کی شرط یہ ہے کہ جس کا مال چوری گیا ہے وہ اپنے مال کا مطالبہ کرے، خواہ گواہوں سے چوری کا ثبوت ہو یا چور نے خود اقرار کیا ہو اور یہ بھی شرط ہے کہ جب گواہ گواہی دیں اُس وقت وہ حاضر ہو اور جس وقت ہاٹھ کاٹا جائے اُس وقت بھی موجود ہو لہٰذا اگر چور چوری کا اقرار کرتا ہے اور کہتا ہے کہ میں نے فلاں شخص جو غائب ہے اُس کی چوری کی ہے یا کہتا ہے کہ یہ روپے میں نے چورائے ہیں مگر معلوم نہیں کس کے ہیں یا میں یہ نہیں بتاؤں گا کہ کس کے ہیں تو قطع نہیں (3)اور پہلی صورت میں جبکہ غائب حاضر ہو کر مطالبہ کرے تو اس وقت قطع کریں گے۔ (4)(درمختار) 

    مسئلہ۴: جس شخص کا مال پر قبضہ ہے وہ مطالبہ کرسکتا ہے جیسے امین (5)و غاصب (6)و مرتہن (7) و متولی(8) اور باپ اور وصی اور سود خوارجس نے سودی مال پر قبضہ کرلیا ہے۔ اور سود دینے والا جس نے سود کے روپے ادا کر دیے اور یہ روپے چوری گئے تو اس کے مطالبہ پر قطع نہیں۔ (9)(درمختار) 

    مسئلہ۵: وہ چیز جس کے چورانے پر ہاتھ کاٹا گیا ہے اگر چور کے پاس موجود ہے تو مالک کو واپس دلائیں گے اور جاتی رہی تو تاوان نہیں اگرچہ اس نے خود ضائع کردی ہو۔ اور اگر بیچ ڈالی یا ہبہ کردی اور خریدار یا موہوب لہ نے(10) ضائع کردی تو یہ تاوان دیں اور خریدار چور سے ثمن(11) واپس لے۔ اور اگر ہاتھ کاٹا نہ گیا ہو تو چور سے ضمان لے گا۔(12) (درمختار)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

1۔۔۔۔۔۔بے کار ۔

2۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب السرقۃ،الباب الثانی فی مایقطع ومالا...إلخ،الفصل الثالث،ج ۲،ص۱۸۲.

و''الدرالمختار''،کتاب السرقۃ،باب کیفیۃ القطع ...إلخ،ج ۶،ص،۱۶۸،۱۶۷.

3۔۔۔۔۔۔یعنی ہاتھ کاٹنانہیں۔

4۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''،کتاب السرقۃ،باب کیفیۃ القطع ...إلخ،ج ۶،ص۱۶۹،۱۷۰.
5۔۔۔۔۔۔امانت دار۔ 

6۔۔۔۔۔۔غصب کرنے والا۔

7 ۔۔۔۔۔۔جس کے پاس مال گروی رکھا ہے۔ 

8۔۔۔۔۔۔مالِ وقف کا نگران۔
9۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''،کتاب السرقۃ،باب کیفیۃ القطع ...إلخ،ج،۶ص۱۷۰.
10۔۔۔۔۔۔جس کو چیز ہبہ کر دی ہے اس نے۔

11۔۔۔۔۔۔مقررہ قیمت۔
12۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''،کتاب السرقۃ،باب کیفیۃ القطع ...إلخ،ج۶،ص۱۷۵.
Flag Counter