Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ نہم (9)
411 - 466
    مسئلہ ۳۰: چھوٹے بچہ کو بھی تعزیر کر سکتے ہیں اور اوس کو سزا اس کا باپ یادادا یاان کا وصی یامعلم دے گا اور ماں کو بھی سزا دینے کا اختیار ہے۔ قرآن پڑھنے اور ادب حاصل کرنے اور علم سیکھنے کے لیے بچہ کو اوس کے باپ، ماں مجبور کر سکتے ہیں۔ یتیم بچہ جو اس کی پرورش میں ہے اسے بھی اون باتوں پر مار سکتا ہے جن پر اپنے لڑکے کو مارتا۔ (1)(درمختار، ردالمحتار)

    مسئلہ ۳۱: عورت کو اتنا نہیں مار سکتا کہ ہڈی ٹوٹ جائے یاکھال پھٹ جائے یانیلا داغ پڑ جائے اور اگر اتنا مارا اور عورت نے دعوٰی کر دیااور گواہوں سے ثابت کر دیاتو شوہر پر اس مارنے کی تعزیر ہے۔ (2) (درمختار) 

    مسئلہ ۳۲: عورت نے اس غرض سے کفر کیاکہ شوہر سے جدائی ہو جائے تو اوسے سزادی جائے اور اسلام لانے اور اوسی شوہر سے نکاح کرنے پر مجبور کی جائے دوسرے سے نکاح نہیں کر سکتی۔ (3) (درمختار)
چوری کی حد کا بیان
    اﷲعزوجل فرماتا ہے:
    (وَالسَّارِقُ وَالسَّارِقَۃُ فَاقْطَعُوۡۤا اَیۡدِیَہُمَا جَزَآءًۢ بِمَا کَسَبَا نَکَالًا مِّنَ اللہِ ؕ وَاللہُ عَزِیۡزٌ حَکِیۡمٌ ﴿۳۸﴾فَمَنۡ تَابَ مِنۡۢ بَعْدِ ظُلْمِہٖ وَاَصْلَحَ فَاِنَّ اللہَ یَتُوۡبُ عَلَیۡہِ ؕ اِنَّ اللہَ غَفُوۡرٌ رَّحِیۡمٌ ﴿۳۹﴾ ) (5)
    چورانے والا مرد اور چورانے والی عورت ان دونوں کے ہاتھ کاٹ دو یہ سزا ہے اون کے فعل کی اﷲ (عزوجل) کی طرف سے سرزنش ہے اور اﷲ (عزوجل) غالب حکمت والا ہے اور اگر ظلم کے بعد توبہ کرے اور اپنی حالت درست کر لے تو بیشک اﷲ (عزوجل) اوس کی توبہ قبول کریگا، بیشک اﷲ (عزوجل) بخشنے والا مہربان ہے۔

    حدیث ۱: امام بخاری ومسلم ابوہریرہ رضی اﷲتعالیٰ عنہ سے روایت کرتے ہیں، کہ حضورِاقدس صلی اﷲتعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا: ''چور پر اﷲ (عزوجل) کی لعنت کہ بیضہ (خود)(5) چوراتا ہے، جس پر اوس کا ہاتھ کاٹا جاتا ہے اور رسی چوراتا ہے، اس پر ہاتھ کاٹا جاتاہے۔'' (6)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

1۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''و''ردالمحتار''،کتاب الحدود،باب التعزیر،مطلب:فی تعزیر المتھم،ج۶،ص۱۲۵.

2۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''،کتاب الحدود،باب التعزیر،ج ۶،ص۱۲۶.

3۔۔۔۔۔۔المرجع السابق،ص۱۲۸.

4۔۔۔۔۔۔پ۶،المائدہ:۳۸،۳۹.
5۔۔۔۔۔۔لوہے کی بنی ہوئی ایک خاص ٹوپی جو جنگ کے دوران پہنتے ہیں۔
6۔۔۔۔۔۔ ''صحیح البخاري''،کتاب الحدود،باب لعن السارق...إلخ، الحدیث:۶۷۸۳،ج۴،ص۳۳۰.
Flag Counter