Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ نہم (9)
410 - 466
    مسئلہ ۲۶: جس کو گالی دی اگر وہ ثبوت نہ پیش کر سکا تو گالی دینے والے سے حلف لیں گے اگر قسم کھانے سے انکار کرے تو تعزیر ہوگی۔ (1)(درمختار) 

    مسئلہ ۲۷: جہاں تعزیر میں کسی بندہ کا حق متعلق نہ ہو مثلاً ایک شخص فاسقوں کے مجمع میں بیٹھتا ہے یااوس نے کسی عورت کا بوسہ لیااور کسی دیکھنے والے نے قاضی کے پاس اس کی اطلاع کی تو یہ شخص اگر چہ بظاہر مدعی کی صورت میں ہے مگر گواہ بن سکتا ہے لہٰذا اگر اس کے ساتھ ایک اور شخص شہادت دے تو تعزیر کا حکم ہوگا۔ (2)(درمختار) 

    مسئلہ ۲۸: شوہر اپنی عورت کو ان امور پر مارسکتا ہے۔ (۱)عورت اگر باوجود قدرت بناؤ سنگار نہ کرے یعنی جو زینت شرعا جائز ہے اوس کے نہ کرنے پر مار سکتا ہے اور اگر شوہر مردانہ لباس پہننے کو یاگودناگودانے(3) کو کہتا ہے اور نہیں کرتی تو مارنے کا حق نہیں۔ یوہیں اگر عورت بیمار ہے یااحرام باندھے ہوئے ہے یاجس قسم کی زینت کو کہتا ہے وہ اوس کے پاس نہیں ہے تو نہیں مار سکتا۔ (۲) غسل جنابت نہیں کرتی۔ (۳)بغیر اجازت گھر سے چلی گئی جس موقع پر اوسے اجازت لینے کی ضرورت تھی۔ (۴)اپنے پاس بلایااور نہیں آئی جبکہ حیض ونفاس سے پاک تھی اور فرض روزہ بھی رکھے ہوئے نہ تھی۔ (۵) چھوٹے ناسمجھ بچہ کے مارنے پر۔ (۶)شوہر کو گالی دی، گدھا وغیرہ کہا۔(۷) یااوس کے کپڑے پھاڑ دیے۔ (۸)غیر محرم کے سامنے چہرہ کھول دیا۔(۹) اجنبی مرد سے کلام کیا۔ (۱۰) شوہر سے بات کی یاجھگڑا کیااس غرض سے کہ اجنبی شخص اس کی آواز سنے یاشوہر کی کوئی چیز بغیر اجازت کسی کو دے دی اور وہ ایسی چیز ہو کہ عادۃً بغیر اجازت عورتیں ایسی چیز نہ دیاکرتی ہوں اور اگر ایسی چیز دی جس کے دینے پر عادت جاری ہے تو نہیں مار سکتا۔ (4)(بحر) 

    مسئلہ ۲۹: عورت اگر نماز نہیں پڑھتی ہے تو اکثر فقہاء کے نزدیک شوہر کو مارنے کا اختیار ہے اور ماں باپ اگر نمازنہ پڑھیں یااور کوئی معصیت (5) کریں تو اولاد کو چاہیے کہ اونھیں سمجھائے اگر مان لیں فبہا(6)ورنہ سکوت کرے(7)اور اون کے لیے دُعا واستغفار کرے اور کسی کی ماں اگر کہیں شادی وغیرہ میں جانا چاہتی ہے تو اولاد کو منع کرنے کا حق نہیں۔ (8)(درمختار، ردالمحتار)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

1۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''،کتاب الحدود،باب التعزیر،ج۶،ص۱۱۹.

2۔۔۔۔۔۔المرجع السابق،ص۱۲۰.
3۔۔۔۔۔۔بدن کے کسی حصہ پر سوئی سے نقش ونگاروغیرہ کرکے اس میں سرمہ یا نیل بھرنا۔
4۔۔۔۔۔۔''البحرالرائق''،کتاب الحدود،فصل فی التعزیر،ج۵،ص۸۲.
5۔۔۔۔۔۔گناہ۔

6۔۔۔۔۔۔ توصحیح۔

7۔۔۔۔۔۔خاموش رہے۔
8۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''و''ردالمحتار''،کتاب الحدود،باب التعزیر،مطلب:فی تعزیر المتھم،ج۶،ص۱۲۵.
Flag Counter