اور دیوث جو اپنے اہل میں بے حیائی کی بات دیکھے اور منع نہ کرے۔'' (1)
حدیث ۱۱: امام احمد و ابو یعلیٰ و ابن حبان و حاکم نے ابو موسیٰ اشعری رضی اﷲتعالیٰ عنہ سے روایت کی، کہ حضور (صلی اﷲتعالیٰ علیہ وسلم) نے فرمایا: ''تین شخص جنت میں داخل نہ ہونگے۔ شراب کی مداومت کرنے والا اور قاطع رحم اور جادو کی تصدیق کرنے والا۔'' (2)
حدیث ۱۲: امام احمد نے ابن عباس سے اور ابن ماجہ نے ابوہریرہ رضی اﷲتعالیٰ عنہم سے روایت کی، کہ حضور (صلی اﷲتعالیٰ علیہ وسلم) نے فرمایا: ''شراب کی مداومت کرنے والا مرے گا تو خدا سے ایسے ملے گا جیسا بت پرست۔'' (3)
حدیث ۱۳: ترمذی و ابن ماجہ نے انس رضی اﷲتعالیٰ عنہ سے روایت کی، کہ رسول اﷲصلی اﷲتعالیٰ علیہ وسلم نے شراب کے بارے میں دس ۱۰ شخصوں پرلعنت کی۔ (۱) بنانے والا اور (۲)بنوانے والا اور(۳)پینے والا اور(۴)اُٹھانے والااور(۵)جس کے پاس اُٹھاکر لائی گئی اور(۶)پلانے والا اور(۷)بیچنے والا اور(۸)اس کے دام (4)کھانے والا اور(۹)خرید نے والا اور (۱۰(جس کے لیے خریدی گئی۔ (5)
حدیث ۱۴: طبرانی ابن عباس رضی اﷲتعالیٰ عنہما سے راوی، کہ حضور (صلی اﷲتعالیٰ علیہ وسلم) نے فرمایا: ''جو شخص اﷲ (عزوجل) اور قیامت کے دن پر ایمان لاتا ہے، وہ شراب نہ پیے اور جو شخص اﷲ (عزوجل) اور قیامت کے دن پر ایمان لاتا ہے، وہ ایسے دسترخوان پر نہ بیٹھے جس پر شراب پی جاتی ہے۔'' (6)
حدیث ۱۵: حاکم نے ابن عباس رضی اﷲتعالیٰ عنہما سے روایت کی، کہ حضور (صلی اﷲتعالیٰ علیہ وسلم) نے فرمایا: ''شراب سے بچو کہ وہ ہر برائی کی کنجی ہے۔'' (7)