Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ نہم (9)
378 - 466
    مسئلہ ۱: یہ ہم اوپر بیان کر آئے کہ شبہہ سے حد ساقط ہو جاتی ہے۔ وطی حرام کی نسبت یہ کہتا ہے کہ میں نے اسے حلال گمان کیا تھا تو حد ساقط ہوجائیگی اور اگر اوس نے ایسا ظاہرنہ کیا تو حد قائم کی جائیگی اور اوس کا اعتبار صرف اوس شخص کی نسبت کیا جاسکتا ہے جس کو ایسا شبہہ ہوسکتا ہے اور جس کو نہیں ہوسکتا وہ اگر دعویٰ کرے تو مسموع نہ ہوگا اور اس میں گمان کا پایا جانا ضرورہے فقط وہم کافی نہیں۔(1) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۲: اکراہ(2) کا دعویٰ کیا تو محض دعویٰ سے حد ساقط نہ ہوگی جب تک گواہوں سے یہ ثابت نہ کرلے کہ اکراہ پایاگیا۔ (3)(درمختار) 

    مسئلہ ۳: جس عورت سے وطی کی گئی اُس میں مِلک کا شبہہ ہو تو حد قائم نہ ہوگی اگرچہ اوس کو حرام ہونے کا گمان ہو، جیسے(۱)اپنی اولاد کی باندی۔(۲)جس عورت کو الفاظ کنایہ سے طلاق دی اور وہ عدت میں ہو، اگرچہ تین طلاق کی نیت کی ہو۔(۳)بائع (4)کا بیچی ہوئی لونڈی سے وطی کرنا جبکہ مشتری (5)نے لونڈی پر قبضہ نہ کیا ہو بلکہ بیع اگر فاسد ہو تو قبضہ کے بعد بھی۔(۴)شوہر نے نکاح میں لونڈی کامَہر مقرر کیا اور ابھی وہ لونڈی عورت کو نہ دی تھی کہ اوس لونڈی سے وطی کی۔ (۵)لونڈی میں چند شخص شریک ہیں، اون میں سے کسی نے اوس سے وطی کی۔(۶)اپنے مکاتب کی کنیز (6)سے وطی کی۔(۷)غلام ماذون جو خود اور اوس کاتمام مال دَین میں مستغرق ہے(7)، اُس کی لونڈی سے وطی کی۔(۸)غنیمت میں جو عورتیں حاصل ہوئیں تقسیم سے پہلے اون میں سے کسی سے وطی کی۔ (۹)بائع کا اوس لونڈی سے وطی کرنا جس میں مشتری کو خیار(8) تھا۔ (۱۰)یا اپنی لونڈی سے استبرا سے قبل وطی کی۔(۱۱) یااوس لونڈی سے وطی کی جو اس کی رضاعی بہن ہے۔(۱۲) یا اوس کی بہن اس کے تصرف (9)میں ہے۔ (۱۳)یا اپنی اوس لونڈی سے وطی کی جو مجوسیہ(10) ہے۔(۱۴)یا اپنی زوجہ سے وطی کی(11) جو مرتدہ ہوگئی ہے یا اور کسی وجہ سے حرام ہوگئی، مثلاً اس کے بیٹے سے اوس کا تعلق ہوگیا یا اوس کی ماں یا بیٹی سے اس نے جماع کیا۔ (12)(درمختار، ردالمحتار)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

1۔۔۔۔۔۔'' الفتاری الھندیۃ''،کتاب الحدو د،الباب الرابع فی الوطء الذی یوجب الحد ...الخ ،ج ۲،ص ۱۴۷.

2۔۔۔۔۔۔اس سے مراد اِکراہ شرعی ہے۔

3۔۔۔۔۔۔''الدر المختار''،کتاب الحدو د، باب الوطء الذی یوجب الحد ...الخ،ج ۶،ص ۲۹.
4۔۔۔۔۔۔ بیچنے والا۔             

5۔۔۔۔۔۔ خریدار۔

6۔۔۔۔۔۔لونڈی۔

7۔۔۔۔۔۔ یعنی قرض تمام مال کوشامل ہو۔

8۔۔۔۔۔۔ اختیار۔

9۔۔۔۔۔۔قبضہ ، ملک،نکاح۔

10۔۔۔۔۔۔آگ کی پوجا کرنے والی۔

 11۔۔۔۔۔۔جماع کیا۔
12۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''و''ردالمحتار''،کتاب الحدود،باب الوطء الذی یوجب...الخ،مطلب: فی بیان شبھۃ المحل،ج۶،ص۳۰۔۳۲.
Flag Counter