Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ نہم (9)
376 - 466
اور اگر مرد کھڑا نہ ہو تو اوسے ستون سے باندھ کر یا پکڑ کر کوڑے ماریں۔اور عورت کے لیے اگر گڑھا کھودا جائے تو جائز ہے یعنی جبکہ زنا گواہوں سے ثابت ہوا ہو اور مرد کے لیے نہ کھودیں۔(1) (عالمگیری، درمختار، ردالمحتار) 

    مسئلہ ۲۸: اگر ایک دن پچاس کوڑے مارے دوسرے دن پھر پچاس مارے تو کافی ہیں اور اگر ہرروز ایک ایک یا دودو کوڑے مارے اور یوں مقدارپوری کی تو کافی نہیں۔ (2)(درمختار، ردالمحتار) 

    مسئلہ ۲۹: ایسا نہیں ہوسکتا کہ کوڑے بھی ماریں اور رجم بھی کریں اور یہ بھی نہیں کہ کوڑے مار کر کچھ دنوں کے لیے شہربدر کردیں۔ ہاں اگر حاکم کے نزدیک شہربدر کرنے میں کوئی مصلحت ہو تو کرسکتا ہے مگر یہ حد کے اندر داخل نہیں بلکہ امام کی جانب سے ایک علیحدہ سزا ہے۔(3) (درمختار، ردالمحتار) 

    مسئلہ ۳۰: زانی اگر مریض ہے تو رجم کردینگے مگر کوڑے نہ مارینگے جب تک اچھا نہ ہوجائے ہاں اگر ایسا بیمار ہو کہ اچھے ہونے کی امید نہ ہو تو بیماری ہی کی حالت میں کوڑے ماریں مگر بہت آہستہ یا کوئی ایسی لکڑی جس میں سو (۱۰۰)شاخیں ہوں اوس سے ماریں کہ سب شاخیں اوس کے بدن پر پڑیں۔ (4)(درمختار، ردالمحتار) 

    مسئلہ ۳۱: عورت کو حمل ہو تو جب تک بچہ پیدا نہ ہولے حد قائم نہ کریں اور بچہ پیدا ہونے کے بعد اگر رجم کرنا ہے تو فوراً کر دیں، ہاں اگربچہ کی تربیت کرنیوالا کوئی نہ ہو تو دو۲برس بچہ کی عمر ہونے کے بعد رجم کریں اور اگر کوڑے مارنے کا حکم ہو تو نفاس کے بعد مارے جائیں۔ عورت کو حد کا حکم ہوا اور اوس نے اپنا حاملہ ہونا بیان کیا تو عورتیں اس کا معاینہ کریں اگر یہ کہہ د یں کہ حمل ہے تو دو۲برس تک قید میں رکھی جائے اگر اس درمیان میں بچہ پیدا ہوگیا تو وہی کریں جو اوپر مذکور ہوا اور بچہ پیدا نہ ہوا تو اب حد قائم کردیں۔ (5)(درمختار، ردالمحتار) 

    مسئلہ ۳۲: محصن ہونے کی سات ۷ شرطیں ہیں۔(۱)آزاد ہونا۔(۲)عاقل ہونا۔(۳)بالغ ہونا۔(۴)مسلمان ہونا۔(۵)نکاح صحیح ہونا۔(۶)نکاحِ صحیح کے ساتھ وطی ہونا۔(۷)میاں بی بی دونوں کا وقتِ وطی میں صفات مذکورہ کے ساتھ متصف ہونا۔ لہٰذا اگر باندی سے نکاح کیا ہے یا آزاد عورت نے غلام سے نکاح کیا تو محصن و محصنہ نہیں،
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

1۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''، کتاب الحدو د ،الباب الثانی فی الزنا،ج۲،ص ۱۴۶.

و'' الدر المختار'' و''رد المحتار''، کتاب الحدود ،مطلب الزنی شرعا ...الخ ،ج ۶، ص ۲۱.

2۔۔۔۔۔۔'' الدر المختار'' و''رد المحتار''، کتاب الحدود ،مطلب الزنی شرعا ...الخ ،ج ۶، ص ۲۱.

3۔۔۔۔۔۔'' الدر المختار'' و''رد المحتار''، کتاب الحدود ،مطلب فی الکلام علی السیاسۃ ،ج ۶، ص ۲۲.

4۔۔۔۔۔۔المر جع السابق ،ص ۲۴.

5۔۔۔۔۔۔المر جع السابق.
Flag Counter