حدیث ۲۶: ترمذی و ابن ماجہ و حاکم جابر رضی اﷲتعالیٰ عنہ سے راوی، کہ رسول اﷲصلی اﷲتعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا: ''اپنی اُمت پر سب سے زیادہ جس چیز کا مجھے خوف ہے، وہ عمل قومِ لوط ہے۔'' (1)
حدیث ۲۷: رزین ابن عباس و ابوہریرہ رضی اﷲتعالیٰ عنہم سے روایت کرتے ہیں، کہ رسول اﷲصلی اﷲتعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا: ''ملعون ہے وہ جو قومِ لوط کا عمل کرے۔'' اور ایک روایت میں ہے، کہ حضرت علی رضی اﷲتعالیٰ عنہ نے دونوں کو جلا دیا اور ابوبکر رضی اﷲتعالیٰ عنہ نے اُن پر دیوار ڈھا دی۔ (2)
حدیث ۲۸: ترمذی و نسائی و ابن حبان ابن عباس رضی اﷲتعالیٰ عنہما سے راوی، کہ رسول اﷲصلی اﷲتعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا: ''اﷲ تعالیٰ اُس مرد کی طرف نظرِ رحمت نہیں فرمائے گا، جو مرد کے ساتھ جماع کرے یا عورت کے پیچھے کے مقام میں جماع کرے۔'' (3)
حدیث ۲۹: ابو یعلیٰ عمر رضی اﷲتعالیٰ عنہ سے روایت کرتے ہیں، کہ حضور (صلی اﷲتعالیٰ علیہ وسلم) نے فرمایا: ''حیا کرو کہ اﷲتعالیٰ حق بات بیان کرنے سے بازنہ رہے گا اور عورتوں کے پیچھے کے مقام میں جماع نہ کرو۔'' (4)
حدیث ۳۰: امام احمد و ابو داود ابوہریرہ رضی اﷲتعالیٰ عنہ سے راوی، کہ حضور (صلی اﷲتعالیٰ علیہ وسلم) فرماتے ہیں: ''جو شخص عورت کے پیچھے میں جماع کرے، وہ ملعون ہے۔'' (5)