میں تم دونوں میں کتاب اﷲ سے فیصلہ کروں گا۔ بکریاں اور کنیز واپس کی جائیں اور تیرے لڑکے کو سو ۱۰۰ کوڑے مارے جائیں گے اور ایک سال کو شہر بدر کیا جائے۔'' (اسکے بعد انیس رضی اﷲتعالیٰ عنہ سے مخاطب ہو کر فرمایا:) ''اے انیس! صبح کو تم اسکی عورت کے پاس جاؤ، وہ اقرار کرے تو رجم کر دو۔'' عورت نے اقرار کیا اور اوس کو رجم کیا۔ (1)
حدیث ۸: صحیح بخاری شریف میں زید بن خالد رضی اﷲتعالیٰ عنہ سے مروی، کہتے ہیں میں نے رسول اﷲصلی اﷲتعالیٰ علیہ وسلم کو حکم فرماتے سنا: کہ ''جو شخص زنا کرے اور محصن نہ ہو، اوسے سو ۱۰۰ کوڑے مارے جائیں اور ایک برس کے لیے شہر بدر کر دیا جائے۔'' (2)
حدیث ۹: بخاری و مسلم راوی، کہ امیر المومنین عمر بن الخطاب رضی اﷲتعالیٰ عنہ نے فرمایا: اﷲتعالیٰ نے محمد صلی اﷲتعالیٰ علیہ وسلم کو حق کے ساتھ مبعوث فرمایا اور اون پر کتا ب نازل فرمائی اور اﷲتعالیٰ نے جو کتاب نازل فرمائی اوس میں آیت رجم بھی ہے، خود رسول اﷲصلی اﷲتعالیٰ علیہ وسلم نے رجم کیا اور حضور (صلی اﷲتعالیٰ علیہ وسلم) کے بعد ہم نے رجم کیا اور رجم کتاب اﷲ میں ہے اور یہ حق ہے، رجم اوس پر ہے جو زنا کرے اور محصن ہو، خواہ وہ مرد ہو یا عورت بشرطیکہ گواہوں سے زنا ثابت ہو یا حمل ہو یا اقرار ہو۔'' (3)
حدیث ۱۰: بخاری و مسلم وغیرہما راوی، کہ یہودیوں میں سے ایک مرد و عورت نے زنا کیا تھا۔ یہ لوگ حضور (صلی اﷲتعالیٰ علیہ وسلم) کی خدمت میں مقدمہ لائے (شاید اس خیال سے کہ ممکن ہے کوئی معمولی اور ہلکی سزا حضور (صلی اﷲتعالیٰ علیہ وسلم)تجویز فرمائیں تو قیامت کے دن کہنے کو ہوجائیگا کہ یہ فیصلہ تیرے ایک نبی نے کیا تھا، ہم اس میں بے قصور ہیں۔) حضور (صلی اﷲتعالیٰ علیہ وسلم) نے ارشاد فرمایا: کہ ''تورات میں رجم کے متعلق کیا ہے؟'' یہودیوں نے کہا، ہم زانیوں کو فضیحت(4) اور رُسوا کرتے ہیں اور کوڑے مارتے ہیں (یعنی توریت میں رجم کا حکم نہیں ہے) عبداﷲ بن سلام رضی اﷲتعالیٰ عنہ نے فرمایا: تم جھوٹے ہو توریت میں بلاشبہ رجم ہے۔ توریت لاؤ۔ یہودی توریت لائے اور کھول کر ایک شخص پڑھنے لگا اوس نے آیتِ رجم پر ہاتھ رکھ کر ماقبل و مابعد کو پڑھنا شروع کیا (آیتِ رجم کو چھپالیا اور اسکو نہیں پڑھا)عبداﷲبن سلام نے فرمایا: اپنا ہاتھ اوٹھا۔ اوس نے ہاتھ اوٹھایا تو آیتِ رجم اوس کے نیچے چمک رہی تھی۔ حضور (صلی اﷲتعالیٰ علیہ وسلم)نے زانی و زانیہ کے متعلق حکم فرمایا، وہ دونوں رجم کیے گئے اور یہودیوں سے دریافت فرمایا: کہ ''جب تمھارے یہاں رجم موجود ہے تو کیوں تم نے اسے چھوڑدیا ہے؟'' یہودیوں نے کہا، وجہ یہ ہے کہ ہمارے یہاں جب کوئی شریف و مالدار زنا کرتا تو اوسے چھوڑ دیا کرتے تھے