Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ نہم (9)
356 - 466
لباس کے متعلق قسم کا بیان
    مسئلہ ۱: قسم کھائی کہ اپنی عورت کے کاتے ہوئے سوت کا کپڑا نہ پہنے گا اور عورت نے سوت کاتا اور وہ بُن کر کپڑا طیارہوا اگر وہ روئی جس کا سوت بنا ہے قسم کھاتے وقت شوہر کی تھی تو پہننے سے قسم ٹوٹ گئی ورنہ نہیں۔ اور اگر قسم کھائی کہ فلاں کے کاتے ہوئے سوت کا کپڑا نہ پہنے گا اور کچھ اوس کا کاتا ہے اور کچھ دوسرے کا دونوں کو ملا کر کپڑا بُنوایا تو قسم نہ ٹوٹی اور اگر کل سوت اوسی کا کاتا ہوا ہے دوسرے کے کاتے ہوئے ڈورے سے کپڑا سیا گیا ہے تو قسم ٹوٹ گئی۔ (1)(بحر، ردالمحتار) 

    مسئلہ ۲: انگرکھا(2)، اچکن(3)، شیرو انی(4) تینوں میں فرق ہے لہٰذا اگر قسم کھائی کہ شیروانی نہ پہنے گا تو انگرکھا پہننے سے قسم نہ ٹوٹی۔ یوہیں قمیص اور کُرتے میں بھی فرق ہے لہٰذا ایک کی قسم کھائی اور دوسرا پہنا تو قسم نہیں ٹوٹی اگرچہ عربی میں قمیص کُرتے کو کہتے ہیں۔ یوہیں پتلون اور پاجامہ میں بھی فرق ہے اگرچہ انگریزی میں پتلون پاجامہ ہی کو کہتے ہیں۔ یوہیں بوٹ نہ پہننے کی قسم کھائی اور ہندوستانی جوتا پہنا قسم نہ ٹوٹی کہ اس کو بوٹ نہیں کہتے۔ 

    مسئلہ ۳: قسم کھائی کہ کپڑا نہیں پہنے گا یا نہیں خریدے گا تو مراد اتنا کپڑا ہے جس سے ستر چھپاسکیں اور اُس کو پہن کر نماز جائز ہوسکے اس سے کم مثلاً ٹوپی پہننے میں نہیں ٹوٹے گی اور اگر عمامہ باندھا اور وہ اتنا ہے کہ ستر اُس سے چھپ سکے توٹوٹ گئی ورنہ نہیں۔ یوہیں ٹاٹ یا دری یا قالین پہن لینے یا خریدنے سے قسم نہ ٹوٹے گی اور پوستین(5)سے ٹوٹ جائیگی۔ اور اگر قسم کھائی کہ کرُتا نہ پہنے گا اور اس صورت میں کُرتے کو تہبند کی طرح باندھ لیا یا چادر کی طرح اوڑھ لیا تو نہیں ٹوٹی اور اگر کہا کہ یہ کُرتا نہیں پہنے گا تو کسی طرح پہنے قسم ٹوٹ جائیگی۔ (6)(بحر، ردالمحتار) 

    مسئلہ ۴: قسم کھائی کہ زیور نہیں پہنے گا تو چاندی سونے کے ہر قسم کے گہنے(7) اور موتیوں یا جواہر کے ہار اور سونے کی انگوٹھی پہننے سے قسم ٹوٹ جائیگی اور چاندی کی انگوٹھی سے نہیں جبکہ ایک نگ(8) کی ہو اور کئی نگ کی ہو تو اس سے بھی ٹوٹ جائیگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

1۔۔۔۔۔۔''البحرالرائق''،کتاب الأیمان، باب الیمین فی البیع ...إلخ، ج۴، ص۶۰۴.

و''ردالمحتار''،کتاب الأیمان،باب الیمین فی البیع ...إلخ، مطلب:فی الفرق بین تعیین ...إلخ،ج۵،ص۶۹۱.
2۔۔۔۔۔۔ایک قسم کا لمبا مردانہ لباس جس کے دو حصے ہوتے ہیں چولی اوردامن۔

3۔۔۔۔۔۔ایک قسم کا لباس جو کوٹ کی طرح ہوتا ہے۔

4۔۔۔۔۔۔لمبی پٹی یا کالر دار جدید وضع قطع کا لباس۔

5۔۔۔۔۔۔ چمڑے کاکوٹ۔
6۔۔۔۔۔۔''رد المحتار''، کتاب الأیمان، باب الیمین فی البیع ...إلخ ،مطلب: حلف لایلبس حلیا،ج۵، ص۶۹۴.

و''البحرالرائق''،کتاب الأیمان، باب الیمین فی البیع ...إلخ، ج۴، ص۶۰۶.
7۔۔۔۔۔۔ایک قسم کا زیور ۔    8۔۔۔۔۔۔نگینہ ۔
Flag Counter