Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ نہم (9)
343 - 466
مثلاً قسم کھائی کہ تم کو فلاں بات کی خبرنہ دوں گا اور لکھ کر بھیج دیا تو قسم ٹوٹ گئی اور اشارہ سے بتایا تو نہیں اور اگر قسم کھائی کہ تمھارا یہ راز کسی پر ظاہر نہ کرونگا اور اشارہ سے بتایا تو قسم ٹوٹ گئی کہ ظاہرکرنا اشارہ سے بھی ہوسکتاہے۔ (1)(درمختار، بحر) 

    مسئلہ ۸: قسم کھائی کہ زید سے کلام نہ کریگا اور زید نے دروازہ پر آکر کُنڈی کھٹکھٹائی اس نے کہا کو ن ہے یا کون توقسم نہیں ٹوٹی اور اگر کہا آپ کون صاحب ہیں یا تم کون ہو تو ٹوٹ گئی۔ یوہیں اگرزید نے پکارا اور اس نے کہا ہاں یا کہا حاضر ہوا یااوس نے کچھ پوچھا اس نے جواب میں ہاں کہا تو قسم ٹوٹ گئی۔(2) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۹: قسم کھائی کہ بی بی سے کلام نہ کریگا اور گھر میں عورت کے سوا دوسرا کوئی نہیں ہے یہ گھر میں آیا اور کہا یہ چیز کس نے رکھی ہے یا کہا یہ چیز کہاں ہے تو قسم ٹوٹ گئی اور اگر گھر میں کوئی اور بھی ہے تو نہیں ٹوٹی یعنی جبکہ اوس کی نیت عورت سے پوچھنے کی نہ ہو۔(3) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۱۰: کلام نہ کرنے کی قسم کھائی اور ایسی زبان میں کلام کیا جس کو مخاطب نہیں سمجھتا جب بھی قسم ٹوٹ گئی۔ (4)(عالمگیری) 

    مسئلہ ۱۱: قسم کھائی کہ زید سے بات نہ کروں گا جب تک فلاں شخص اجازت نہ دے اور اوس نے اجازت دی مگر اسے خبر نہیں اور کلام کرلیا توقسم ٹوٹ گئی اور اگر اجازت دینے سے پہلے وہ شخص مرگیا توقسم باطل ہوگئی یعنی اب کلام کرنے سے نہیں ٹوٹے گی کہ قسم ہی نہ رہی۔ اور اگر یوں کہا تھا کہ بغیر فلاں کی مرضی کے کلام نہ کروں گا اور اوس کی مرضی تھی مگر اسے معلوم نہ تھا اور کلام کرلیا تو نہیں ٹوٹی۔ (5)(درمختار) 

    مسئلہ ۱۲: یہ قسم کھائی کہ فلاں کو خط نہ لکھوں گا اور کسی کو لکھنے کے لیے اشارہ کیا تو اگر یہ قسم کھانے والا اُمراء(6) میں سے ہے تو قسم ٹوٹ گئی کہ ایسے لوگ خود نہیں لکھا کرتے بلکہ دوسروں سے لکھوایا کرتے ہیں اور ان لوگوں کی عادت یہ ہوتی ہے کہ اشارہ سے حکم کیا کرتے ہیں۔(7) (درمختار، بحر)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

1۔۔۔۔۔۔''الدر المختار''،کتاب الأیمان ،باب الیمین فی الأکل ...إلخ ،ج ۵، ص۶۲۵.

و''البحرالرائق''، کتاب الأیمان، باب الیمین فی الأکل ...إلخ ،ج۴،ص۵۵۹.

2۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الأیمان، الباب السادس فی الیمین علی الکلام ،ج۲،ص۹۸.

3۔۔۔۔۔۔المرجع السابق.

4۔۔۔۔۔۔المرجع السابق.

5۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''کتاب الأیمان ، باب الیمین فی الأکل ...إلخ ،ج۵،ص۶۲۴.     

6۔۔۔۔۔۔حکام،بادشاہ وغیرہ۔ 

7۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''،کتاب الأیمان ، باب الیمین فی الأکل ...إلخ ،ج۵ ،ص۶۲۶.

و''البحرالرائق'' کتاب الأیمان ، باب الیمین فی الأکل ...إلخ ،ج۴، ص ۵۵۹.
Flag Counter