Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ نہم (9)
337 - 466
مگر جبکہ اوس کی یہ نیت ہو کہ گیہوں کی روٹی نہیں کھائیگا تو روٹی کھانے سے بھی ٹوٹ جائے گی۔ (1)(بحر، عالمگیری) 

    مسئلہ ۲۱: قسم کھائی کہ یہ گیہوں نہیں کھائے گا پھر انھیں بویا، اب جو پیدا ہوئے ان کے کھانے سے قسم نہیں ٹوٹے گی کہ یہ وہ گیہوں نہیں ہیں۔ (2)(درمختار) 

    مسئلہ ۲۲: قسم کھائی کہ روٹی نہیں کھائیگا تو پراٹھے، پوریاں، سنبو سے(3)، بسکٹ، شیرمال، کلچے، گلگلے، نان پاؤ(4) کھانے سے قسم نہیں ٹوٹے گی کہ ان کو روٹی نہیں کہتے اور تنوری روٹی یا چپاتی یا موٹی روٹی یا بیلن(5)سے بنائی ہوئی روٹی کھانے سے قسم ٹوٹ جائے گی۔ (6)(درمختار، ردالمحتار)

    مسئلہ ۲۳: قسم کھائی کہ فلاں کا کھانا نہیں کھائے گا اور اوس کے یہاں کاسرکہ یا نمک کھایا تو قسم نہیں ٹوٹی۔ (7)(ردالمحتار) 

    مسئلہ ۲۴: قسم کھائی کہ فلاں شخص کا کھانا نہیں کھائیگا اور وہ شخص کھانا بیچا کرتا ہے اس نے خرید کر کھالیا تو قسم ٹوٹ گئی کہ اوس کے کھانے سے مراد اوس سے خرید کر کھانا کھانا ہے اور اگر کھانا بیچنا اوس کا کام نہ ہو تو مراد وہ کھا ناہے جو اوس کی مِلک میں ہے، لہٰذا خرید کر کھانے سے قسم نہیں ٹوٹے گی۔ (8)(ردالمحتار) 

    مسئلہ ۲۵: فلاں عورت کی پکائی ہوئی روٹی نہیں کھائیگا اور اوس عورت نے خود روٹی پکائی ہے یعنی اوس نے توے پر ڈالی اور سینکی (9) ہے تو اس کے کھانے سے قسم ٹوٹ جائیگی اور اگر اوس نے فقط آٹا گوندھا ہے یا روٹی بنائی ہے اور کسی دوسرے نے توے پر ڈالی اور سینکی اس کے کھانے سے نہیں ٹوٹے گی کہ آٹا گوندھنے یا روٹی بنانے کو پکانا نہیں کہیں گے اور اگر کہا فلاں عورت کی روٹی نہیں کھاؤں گا تو اس میں دو صورتیں ہیں، اگر یہ مراد ہے کہ اوس کی پکائی ہوئی روٹی نہیں کھاؤنگا تو وہی حکم ہے جو بیان کیا گیا اور اگر یہ مطلب ہے کہ اوس کی ملک میں جو روٹی ہے وہ نہیں کھاؤں گا تو اگرچہ کسی اور نے آٹا گوندھا یا روٹی پکائی ہو
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

1۔۔۔۔۔۔''البحرالرائق''،کتاب الأیمان،باب الیمین فی الأکل ...إلخ،ج۴، ص۵۴۰.

و''الفتاوی الہندیۃ''،کتاب الأیمان،الباب الخامس فی الیمین علی الأکل ...إلخ،ج۲،ص۸۳،۸۶.

2۔۔۔۔۔۔'' الدرالمختار''، کتاب الأیمان ،باب الیمین فی الأکل ...إلخ، ج۵ ،ص۵۹۸.

3۔۔۔۔۔۔سموسے۔

4۔۔۔۔۔۔ڈبل روٹی۔

5۔۔۔۔۔۔لکڑی کاوہ گول اوزارجس سے روٹی کوبڑھاتے ہیںــ۔

6۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''و''ردالمحتار''کتاب الأیمان ،باب الیمین فی الأکل ...إلخ، مطلب: لایأکل ہذاالبرّ،ج ۵،ص۵۹۸.

7۔۔۔۔۔۔''ردالمحتار''، کتاب الأیمان،باب الیمین فی الأکل ...إلخ ،مطلب :لایأکل طعامًا ،ج۵ ، ص۶۰۰.

8۔۔۔۔۔۔''ردالمحتار''، کتاب الأیمان ، باب الیمین فی الأکل ...إلخ ،مطلب: حلف لایکلّم عبد فلان ...إلخ، ج ۵،ص ۶۳۴.

9۔۔۔۔۔۔ یعنی توے سے ہٹاکر آگ پر حرارت پہنچائی،پکائی۔
Flag Counter