Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ نہم (9)
336 - 466
اور کچا گوشت یا صرف شوربا کھایا تو نہیں ٹوٹی۔ یوہیں کلیجی، تلّی، پھیپڑا، دِل، گُردہ، اوجھڑی، دُنبہ کی چکی(1) کے کھانے سے بھی نہیں ٹوٹے گی کہ ان چیزوں کو عرف میں گوشت نہیں کہتے اور اگر کسی جگہ ان چیزوں کا بھی گوشت میں شمار ہو تو وہاں ان کےکھانے سے بھی ٹوٹ جائے گی۔ (2)(درمختار، ردالمحتار) 

    مسئلہ ۱۷: قسم کھائی کہ بیل کا گوشت نہیں کھائیگا تو گائے کے گوشت سے قسم نہیں ٹوٹے گی اور گائے کے گوشت نہ کھانے کی قسم کھائی تو بیل کا گوشت کھانے سے ٹوٹ جائیگی کہ بیل کے گوشت کو بھی لوگ گائے کا گوشت کہتے ہیں اور بھینس کے گوشت سے نہیں ٹوٹے گی اور بھینس کے گوشت کی قسم کھائی تو گائے بیل کے گوشت سے نہیں ٹوٹے گی اور بڑا گوشت کہا تو ان سب کو شامل ہے اور بکری کا گوشت کہا تو بکرے کے گوشت سے بھی قسم ٹوٹ جائیگی کہ دونوں کو بکری کا گوشت کہتے ہیں۔ یوہیں بھیڑ کا گوشت کہاتو مینڈھے کو بھی شامل ہے اور دُنبہ ان میں داخل نہیں، اگرچہ دُنبہ اسی کی ایک قسم ہے اور چھوٹا گوشت ان سب کو شامل ہے۔(3)

    مسئلہ ۱۸: قسم کھائی کہ چربی نہیں کھائیگا تو پیٹ میں اور آنتوں پر جو چربی لپٹی رہتی ہے اوس کے کھانے سے قسم ٹوٹے گی پیٹھ کی چربی جو گوشت کے ساتھ ملی ہوئی ہوتی ہے اوس کے کھانے سے یا دُنبہ کی چکی کھانے سے نہیں ٹوٹے گی۔(4) (درمختار) 

    مسئلہ ۱۹: قسم کھائی کہ گوشت نہیں کھائے گا اور کسی خاص گوشت کی نیت ہے تو اوس کے سوا دوسرا گوشت کھانے سے قسم نہیں ٹوٹے گی۔ یوہیں قسم کھائی کہ کھانا نہیں کھائیگا اور خاص کھانا مراد لیا تو دوسرا کھانا کھانے سے قسم نہ ٹوٹے گیـ۔(5) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۲۰: قسم کھائی کہ تِل نہیں کھائے گا تو تِل کے تیل کھانے سے قسم نہیں ٹوٹی اور گیہوں(6) نہ کھانے کی قسم کھائی تو بُھنے ہوئے گیہوں کھانے سے قسم ٹوٹ جائے گی اور گیہوں کی روٹی یا آٹا یا ستویا کچے گیہوں کھانے سے قسم نہ ٹوٹے گی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

1۔۔۔۔۔۔دنبے کی گول چپٹی دم اور اس کی چربی۔

2۔۔۔۔۔۔'' الدرالمختار''و''ردالمحتار''، کتاب الأیمان،باب الیمین ...إلخ،مطلب:حلف لایأکل لحماً،ج۵،ص۵۹۳۔۵۹۵.

3۔۔۔۔۔۔'' البحرالرائق''،کتاب الأیمان، باب الیمین فی الأکل ...إلخ،ج۴،ص۵۳۹. 

4۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''، کتاب الأیمان،باب الیمین فی الأکل ...إلخ، مطلب:حلف لایأکل لحماً،ج۵،ص۵۹۶.

5۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''، کتاب الأیمان، الباب الخامس فی الیمین علی الأکل ...إلخ، ج۲،ص ۸۳.

6۔۔۔۔۔۔گندم۔
Flag Counter