Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ ہشتم (8)
276 - 282
دوسری عورت مفت پلانے کو کہتی ہے یا ماں سے کم اُجرت مانگتی ہے تو وہ دوسری زیادہ مستحق ہے۔ (1)(درمختار) 

    مسئلہ ۸۱: عدت کے بعد عورت نے اُجر ت پر اپنے بچہ کو دودھ پلایا اور ان دنوں کا نفقہ نہیں لیا تھاکہ شوہرکا یعنی بچہ کے باپ کا انتقال ہوگیا تو یہ نفقہ موت سے ساقط نہ ہوگا۔ (2)(درمختار) 

    مسئلہ ۸۲: باپ، ماں، دادا، دادی، نانا، نانی اگر تنگدست ہوں توان کا نفقہ واجب ہے، اگرچہ کمانے پر قادر ہوں جبکہ یہ مالدار ہو یعنی مالک نصاب ہواگرچہ وہ نصاب نامی نہ ہو اور اگر یہ بھی محتاج ہے تو باپ کا نفقہ اس پر واجب نہیں، البتہ اگر باپ اپاہج یا مفلوج (3)ہے کہ کما نہیں سکتا تو بیٹے کے ساتھ نفقہ میں شریک ہے اگرچہ بیٹا فقیر ہو اور ماں کا نفقہ بھی بیٹے پر ہے، اگرچہ اپاہج نہ ہواگرچہ بیٹا فقیر ہو۔ یعنی جبکہ بیوہ ہواور اگر نکاح کرلیا ہے تو اس کانفقہ شوہر پر ہے اور اگر اس کے باپ کے نکاح میں ہے اور باپ اور ماں دونوں محتاج ہوں تو دونوں کا نفقہ بیٹے پر ہے اور باپ محتاج نہ ہو تو باپ پر ہے اور باپ محتاج ہے اورماں مالدار تو ماں کانفقہ اب بھی بیٹے پر نہیں بلکہ اپنے پاس سے خرچ کرے اورشوہر سے وصول کرسکتی ہے۔ (4)(جوہرہ، درمختار، ردالمحتار) 

    مسئلہ ۸۳: باپ وغیرہ کانفقہ جیسے بیٹے پر واجب ہے، یوہیں بیٹی پر بھی ہے، اگر بیٹا بیٹی دونوں ہوں تو دونوں پر برابر برابر واجب ہے اور اگر دوبیٹے ہوں ایک فقط مالکِ نصاب ہے اور دوسر ا بہت مالدار ہے تو باپ کانفقہ دونوں پر برابر برابرہے۔ (5)(درمختار، ردالمحتار) 

    مسئلہ ۸۴: باپ اور اولاد کے نفقہ میں قرابت وجزئیت کا اعتبار ہے وراثت کانہیں مثلاًبیٹا ہے او رپوتا تو نفقہ بیٹے پرواجب ہے، پوتے پر نہیں۔ یوہیں بیٹی ہے اور پوتا تو بیٹی پر ہے، پوتے پر نہیں، اور پوتا ہے اور نواسی یا نواسہ تو دونوں پر برابر، اوربیٹی ہے اور بہن یا بھائی تو بیٹی پر ہے، اور نواسہ نواسی ہیں اور بھائی تو اُن پر ہے، اس پر نہیں اور باپ یا ماں ہے اور بیٹا تو بیٹے پرہے، اُن پر نہیں اور دادا ہے اور پوتا تو ایک ثلث دادا پر اور باقی پوتے پر، اور باپ ہے اور نواسی نواسہ
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار''، کتاب الطلاق، باب النفقۃ، ج۵، ص۳۵۶.

2۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار'' ،کتاب الطلاق، باب النفقۃ، ج۵، ص۳۵۸. 

3۔۔۔۔۔۔یعنی فالج کا مریض ۔

4۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''و''ردالمحتار''، کتاب الطلاق، باب النفقۃ، مطلب: نفقۃ الاصول... إلخ، ج۵، ص۳۵۸۔۳۶۱ . 

5۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''و''ردالمحتار''، کتاب الطلاق، باب النفقۃ ، مطلب: صاحب الفتح... إلخ ،ج۵، ص۳۶۱. 

و''الجوہرۃ النیرۃ''، کتاب النفقات،الجزء الثانی، ص۱۱۵.
Flag Counter