Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ ہشتم (8)
253 - 282
جس کی وجہ سے اُسے اکثر گھر سے باہر جانا پڑتا ہے یاوہ عورت کنیزیا ام ولدیا مدبرہ ہو یا مکاتبہ ہو جس سے قبل عقد کتابت بچہ پیدا ہوا جبکہ وہ بچہ آزادہو اور اگر آزاد نہ ہو تو حقِ پرورش مولیٰ کے ليے ہے کہ اُس کی ملک ہے مگر اپنی ماں سے جُدا نہ کیاجائے۔ (1)(عالمگیری،درمختار، ردالمحتار وغیرہا) 

    مسئلہ ۲: اگر بچہ کی ماں نے بچہ کے غیر محرم سے نکاح کر لیا تو اسے پرورش کاحق نہ رہا اور اس کے محرم سے نکاح کیا تو حقِ پر ورش باطل نہ ہوا۔ غیر محرم سے مراد وہ شخص ہے کہ نسب کی جہت سے بچہ کے ليے محرم نہ ہو اگرچہ رضاع کی جہت سے محرم ہو جیسے اس کی ماں نے اس کے رضاعی چچا سے شادی کرلی تو اب ماں کی پرورش میں نہ رہے گا کہ اگرچہ رضاع کے لحاظ سے بچہ کا چچا ہے مگر نسباً اجنبی ہے او ر نسبی چچا سے نکاح کیا تو باطل نہیں۔ (2)(درمختار وغیرہ) 

    مسئلہ ۳: ماں اگر مفت پرورش کرنا نہیں چاہتی اور باپ اجرت دے سکتا ہے تو اُجرت دے اور تنگ دست ہے تو ماں کے بعد جن کو حقِ پرورش ہے اگر اُن میں کوئی مفت پرورش کرے تو اُس کی پرورش میں دیاجائے بشرطیکہ بچہ کے غیر محرم سے اُس نے نکاح نہ کیا ہو اور ماں سے کہہ دیا جائے کہ یامفت پرورش کر یا بچہ فلاں کو دیدے مگر ماں اگر بچہ کو دیکھنا چاہے یا اُس کی دیکھ بھال کرنا چاہے تو منع نہیں کر سکتے اور اگر کوئی دوسری عورت ایسی نہ ہوجس کو حق پرورش ہے مگر کوئی اجنبی شخص یا رشۃ دار مرد مفت پرورش کرنا چاہتا ہے تو ماں ہی کو دیں گے اگرچہ اُس نے اجنبی سے نکاح کیا ہواگرچہ اُجرت مانگتی ہو۔ (3)(درمختار، ردالمحتار)

    مسئلہ ۴: جس کے ليے حقِ پرورش ہے اگر وہ انکار کرے اور کوئی دوسری نہ ہو جو پرورش کرے تو پرورش کرنے پر مجبور کی جائے گی۔ یوہیں اگر بچہ کی ماں دودھ پلانے سے انکار کرے اور بچہ دوسری عورت کا دودھ نہ لیتا ہو یا مفت کوئی دودھ نہیں پلاتی اور بچہ یااُس کے باپ کے پاس مال نہیں تو ماں دودھ پلانے پر مجبور کی جائے گی۔(4) (ردالمحتار) 

    مسئلہ ۵: ماں کی پر ورش میں بچہ ہواور وہ اس کے باپ کے نکاح یا عدت میں ہو تو پرورش کا معاوضہ نہیں پائے گی ورنہ اسکا بھی حق لے سکتی ہے اور دودھ پلانے کی اُجرت او ر بچہ کا نفقہ بھی اور اگر اُس کے پاس رہنے کا مکان نہ ہو تو یہ بھی اور بچہ کو خادم کی ضرورت ہو تو یہ بھی اور یہ سب اخراجات اگر بچہ کا مال ہو تو اُس سے ديے جائیں ورنہ جس پر بچہ کا نفقہ ہے اُسی
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھنديۃ''،کتاب الطلاق،الباب السادس عشر في الحضانۃ،ج۱،ص۵۴۱.

و''الدرالمختار''و''ردالمحتار''،کتاب الطلاق،باب الحضانۃ،ج۵،ص۲۵۹۔۲۶۱،وغیرہا.

2۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''،کتاب الطلاق،باب الحضانۃ،ج۵،ص۲۶۱،وغیرہ.

3۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''و''ردالمحتار''،کتاب الطلاق،باب الحضانۃ،مطلب:شروط الحاضنۃ،ج۵،ص۲۶۱.

4۔۔۔۔۔۔''ردالمحتار''،کتاب الطلاق،باب الحضانۃ،مطلب:شروط الحاضنۃ،ج۵،ص۲۶۵.
Flag Counter