سے سیاہ کپڑے پہننا جائز ہے اور سیاہ کپڑے غم ظاہر کرنے کے ليے نہ ہوں تو مطلقاً جائز ہیں۔ (1)(درمختار، ردالمحتار)
مسئلہ ۱۰: عدت کے اندر چار پائی پر سو سکتی ہے کہ یہ زینت میں داخل نہیں۔
مسئلہ ۱۱: جو عورت عدت میں ہو اُس کے پاس صراحۃً نکاح کا پیغام دینا حرام ہے اگرچہ نکاح فاسد یا عتق کی عدت میں ہوا ور موت کی عدت ہو تو اشارۃًکہہ سکتے ہیں اور طلاق رجعی یا بائن یا فسخ کی عدت میں اشارۃًبھی نہیں کہہ سکتے اور وطی بالشبہہ یا نکاح فاسد کی عدت میں اشارۃً کہہ سکتے ہیں اشارۃً کہنے کی صورت یہ ہے کہ کہے میں نکاح کرنا چاہتاہوں مگر یہ نہ کہے کہ تجھ سے، ورنہ صراحت ہو جائیگی یا کہے میں ایسی عورت سے نکاح کرنا چاہتا ہوں جس میں یہ یہ وصف ہوں اور وہ اوصاف بیان کرے جو اس عورت میں ہیں یا مجھے تجھ جیسی کہاں ملیگی۔ (2)(درمختار ، عالمگیری)
مسئلہ ۱۲: جو عورت طلاق رجعی یا بائن کی عدت میں ہے یا کسی وجہ سے فرقت ہوئی اگرچہ شوہر کے بیٹے کا بوسہ لینے سے اوراس کی عدت میں ہو یا خلع کی عدت میں ہو اگرچہ نفقہ عدت پر خلع ہوا ہو یا اس پر خلع ہوا کہ عدت میں شوہر کے مکان میں نہ رہے گی تو ان عورتوں کو گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں نہ دن میں نہ رات میں جبکہ آزاد ہوں یا لونڈی ہوجو شوہر کے پاس رہتی ہے اور عاقلہ، بالغہ، مسلمہ ہو اگرچہ شوہر نے اُسے باہر نکلنے کی اجازت بھی دی ہو۔ اور نابالغہ لڑکی طلاقِ رجعی کی عدت میں شوہر کی اجازت سے باہر جاسکتی ہے اور بغیر اجازت نہیں اور نا بالغہ بائن طلاق کی عدت میں اجازت وبے اجازت دونوں صورت میں جاسکتی ہے ہاں اگر قریب البلوغ (3)ہے تو بغیر اجازت نہیں جاسکتی اور عورت پگلی یا بوہری یاکتابیہ ہے تو جاسکتی ہے مگر شوہر کو منع کرنے کا حق ہے۔ مرد و عورت مجوسی (4)تھے شوہر مسلمان ہوگيا اور عورت نے اسلام لانے سے انکار کیا اور فرقت ہوگئی اور مدخولہ تھی لہٰذا عدت بھی واجب ہوئی تو عدت کے اندر اُس کا شوہر نکلنے سے منع کرسکتا ہے۔ مولیٰ نے ام ولدکو آزاد کیا تو اس عدت میں باہر جاسکتی ہے اور نکاحِ فاسد کی عدت میں نکلنے کی اجازت ہے مگر شوہر منع کر سکتا ہے۔ (5)(عالمگيری، درمختار)
مسئلہ ۱۳: چند مکان کا ایک صحن ہواور وہ سب مکان شوہر کے ہوں تو صحن میں آسکتی ہے اور وں کے ہوں تو نہیں۔ (6)(درمختار)