Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ ہشتم (8)
236 - 282
    مسئلہ ۱۳: نکاح فاسد میں تفریق یا متارکہ کے وقت سے عدت شمار کی جائے گی متارکہ یہ کہ مرد نے یہ کہا کہ میں نے اُسے چھوڑا یا اُس سے وطی ترک کی یا اسی قسم کے اور الفاظ کہے جب تک متارکہ یا تفریق نہ ہو کتنا ہی زمانہ گزر جائے عدت نہیں اگرچہ دل میں ارادہ کرلیا کہ وطی نہ کریگااور اگر عورت کے سامنے نکاح سے انکار کرتا ہے تویہ متارکہ ہے ورنہ نہیں لہٰذا اس کا اعتبار نہیں۔ (1)(جوہرہ، درمختار) 

    مسئلہ ۱۴: طلاق کی عدت وقتِ طلاق سے ہے اگرچہ عورت کو اس کی اطلاع نہ ہو کہ شوہر نے اُسے طلاق دی ہے اور تین حیض آنے کے بعد معلوم ہواتو عدت ختم ہوچکی اور اگر شوہر یہ کہتا ہے کہ میں نے اس کو اتنے زمانہ سے طلاق دی ہے تو عورت اُسکی تصدیق کرے یا تکذیب، عدت وقت اقرار سے شمار ہوگی۔(2) (جوہرہ) 

    مسئلہ ۱۵: عورت کوکسی نے خبر دی کہ اُس کے شوہر نے تین طلاقیں دیدیں یا شوہر کا خط آیا اور اُس میں اسے طلاق لکھی ہے، اگر عورت کا غالب گمان ہے کہ وہ سچ کہتا ہے یا یہ خط اُسی کا ہے تو عدت گزار کر نکاح کرسکتی ہے۔ (3)(جوہرہ) 

    مسئلہ ۱۶: عورت کو تین طلاقیں دیدیں مگر لوگوں پر ظاہر نہ کیا اور دوحیض آنے کے بعد عورت سے وطی کی اور حمل رہ گیا اب اُس نے لوگوں سے طلاق دینا بیان کیا تو عدت وضع حمل ہے اور وضع حمل تک نفقہ اُس پر واجب۔(4) (عالمگيری) 

    مسئلہ ۱۷: طلاق دیکر مُکر گیا، عورت نے قاضی کے پاس دعویٰ کیا اور گواہ سے طلاق دینا ثابت کر دیا اور قاضی نے تفریق کا حکم دیا تو عدت وقت طلاق سے ہے، اس وقت سے نہیں۔(5) (عالمگيری) 

    مسئلہ ۱۸: پچھلا حیض اگر پورے دس دن پر ختم ہوا ہے تو ختم ہوتے ہی عدت ختم ہو گئی اگرچہ ابھی غسل نہ کیا بلکہ اگرچہ اتنا وقت بھی ابھی نہیں گزرا ہے کہ اُس میں غسل کر سکتی اور طلاق رجعی تھی تو شوہر اب رجعت نہیں کرسکتا اور اب یہ عورت نکاح کرسکتی ہے۔ اور اگر دس دن سے کم میں ختم ہوا ہے تو جب تک نہا نہ لے یا ایک نماز کا پورا وقت نہ گزرلے عدت ختم نہ ہوگی یہ حکم مسلمان عورت کے ہیں اور کتابیہ ہو تو بہر حال حیض ختم ہوتے ہی عدت پوری ہوجائیگی۔ (6)(عالمگیری)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار''، کتاب الطلاق، باب العدۃ، ج۵، ص۲۰۸ ۔ ۲۰۹. 

''الجوہرۃ النیرۃ''، کتاب العدۃ، الجزء الثاني، ص۱۰۲. 

2۔۔۔۔۔۔ ''الجوہرۃ النیرۃ''، کتاب العدۃ، الجزء الثاني، ص۱۰۱ ۔ ۱۰۲. 

3۔۔۔۔۔۔ المرجع السابق، ص۱۰۲.

4۔۔۔۔۔۔ ''الفتاوی الھنديۃ''،کتاب الطلاق، الباب الثالث عشر في العدۃ، ج۱، ص۵۳۲.

5۔۔۔۔۔۔ المرجع السابق. 

6۔۔۔۔۔۔ المرجع السابق، ص۵۲۸.
Flag Counter