Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ ہشتم (8)
230 - 282
    مسئلہ ۹: عورت نے دعویٰ کیا اور شوہر کہتا ہے میں نے اس سے جماع کیا ہے اور عورت ثیب ہے تو شوہر سے قسم کھلائیں قسم کھالے تو عورت کا حق جاتا رہا انکار کرے تو ایک سال کی مہلت دے اور اگر عورت اپنے کو بکر بتاتی ہے تو کسی عورت کو دکھائیں اور احتیاط یہ ہے کہ دو عورتوں کو دکھائیں، اگر یہ عورتیں اُسے ثیب بتائیں تو شوہر کو قسم کھلا کر اُس کی بات مانیں اور یہ عورتیں بکر کہیں تو عورت کی بات بغیر قسم مانی جائے گی اور اِن عورتوں کو شک ہو تو کسی طریقہ سے امتحان کرائیں اور اگر ان عورتوں میں باہم اختلاف ہے کوئی بکر کہتی ہے کوئی ثیب تو کسی اور سے تحقیق کرائیں، جب یہ بات ثابت ہو جائے کہ شوہر نے جماع نہیں کیا ہے تو ایک سال کی مہلت دیں۔(1) (عالمگيری) 

    مسئلہ ۱۰: عورت کا دعویٰ قاضی شہر کے پاس ہوگا دوسرے قاضی یا غیر قاضی کے پاس دعویٰ کیا اور اُس نے مہلت بھی دیدی تو اس کا کچھ اعتبار نہیں۔ یوہیں عورت کا بطور خود بیٹھی رہنا بیکار ہے۔(2) (خانیہ) 

    مسئلہ ۱۱: سال سے مُراد اس مقام پر شمسی سال ہے یعنی تین سو پینسٹھ دن اور ایک دن کا کچھ حصہ اور ایام حیض و ماہ رمضان اور شوہر کے حج اور سفر کا زمانہ اسی میں محسوب ہے اور عورت کے حج اور غَیبت کا زمانہ(3) اور مرد یا عورت کے مرض کا زمانہ محسوب (4)نہ ہوگا اور اگراحرام کی حالت میں عورت نے دعویٰ کیا تو جب تک احرام سے فارغ نہ ہولے قاضی میعاد مقرر نہ کریگا۔(5) (عالمگيری، درمختار) 

    مسئلہ ۱۲: اگر عنین نے عورت سے ظہار کیا ہے اور آزاد کرنے پر قادر ہے تو ایک سال کی مہلت دی جائیگی ورنہچودہ ماہ کی یعنی جبکہ روزہ رکھنے پر قادر ہواور اگر مہلت دینے کے بعد ظہار کیا تو اس کی وجہ سے مدّت میں کوئی اضافہ نہ ہوگا۔(6) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۱۳: شوہر بیمار ہے کہ بیماری کی وجہ سے جماع پر قادر نہیں توعورت کے دعویٰ پر میعاد مقرر نہ کی جائے جب تک تندرست نہ ہولے اگرچہ مرض زمانہ دراز تک رہے۔ (7)(عالمگيری)
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھنديۃ''،کتاب الطلاق،الباب الثاني عشرفي العنین،ج۱،ص۵۲۲،۵۲۳.

2۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الخانیۃ''،کتاب النکاح،فصل في العنین،ج۱،ص۱۸۸.

3۔۔۔۔۔۔یعنی موجود نہ ہونے کاعرصہ۔        4۔۔۔۔۔۔یعنی شمار۔

5۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھنديۃ''،کتاب الطلاق،الباب الثاني عشرفي العنین،ج۱،ص۵۲۳. 

و''الدرالمختار''،کتاب الطلاق،باب العنین وغیرہ،ج۵،ص۱۷۳.

6۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھنديۃ''،کتاب الطلاق،الباب الثاني عشرفي العنین،ج۱،ص۵۲۳.

7۔۔۔۔۔۔المرجع السابق.
Flag Counter