Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ ہشتم (8)
226 - 282
    مسئلہ ۲۲: کسی نے اس کی عورت پر تہمت لگائی اس نے کہا تو نے سچ کہا وہ ویسی ہی ہے جیسا تو کہتا ہے تولعان ہوگا اوراگر فقط اتنا ہی کہا کہ تو سچا ہے تو لعان نہیں نہ حد قذف۔(1)(عالمگیری) 

    مسئلہ ۲۳: عورت سے کہا تجھ پر تین طلاقیں اے زانیہ تو لعان نہیں بلکہ حد قذف ہے اور اگر کہا اے زانیہ تجھے تین طلاقیں تو نہ لعان ہے نہ حد۔(2) (عالمگيری) 

    مسئلہ ۲۴: عورت سے کہا اے زانیہ، زانیہ کی بچی تو عورت اور اُس کی ماں دونوں پر تہمت لگائی اب اگر ماں بیٹی دونوں ایک ساتھ مطالبہ کریں تو ماں کا مطالبہ مقدم قرار دیکر حد قذف قائم کرینگے اور لعان ساقط ہو جائیگا اور اگر ماں نے مطالبہ نہ کیا اور عورت نے کیا تو لعان ہوگا پھر بعد میں اگرماں نے مطالبہ کیا تو حد قذف قائم کرینگے۔ اور اگر صورت مذکورہ میں عورت کی ماں مرچکی ہے اور عورت نے دونوں مطالبے کيے تو ماں کی تہمت پر حد قذف قائم کرینگے اورلعان ساقط اور اگر صرف اپنا مطالبہ کیا تو لعان ہوگا۔ یوہیں اگر اجنبیہ پر تہمت لگائی پھر اُس سے نکاح کرکے پھر تہمت لگائی اورعورت نے لعان و حد دونوں کا مطالبہ کیا تو حد ہوگی اور لعان ساقط اور اگر لعان کا مطالبہ کیا اورلعان ہو اپھر حد کا مطالبہ کیا تو حد بھی قائم کرینگے۔(3) (عالمگيری) 

    مسئلہ ۲۵: اپنی عورت سے کہا میں نے جو تجھ سے نکاح کیا اس سے پہلے تونے زنا کیا یا نکاح سے پہلے میں نے تجھے زناکرتے دیکھا تو یہ تہمت چونکہ اب لگائی لہٰذا لعان ہے اور اگر یہ کہا نکاح سے پہلے میں نے تجھے زنا کی تہمت لگائی تو لعان نہیں بلکہ حد قائم ہوگی۔(4) (عالمگيری) 

    مسئلہ ۲۶: عورت سے کہا میں نے تجھے بکر نہ پایا تو نہ حد ہے نہ لعان۔(5) (عالمگيری) 

    مسئلہ ۲۷: اولاد سے انکار اُس وقت صحیح ہے جب مبارکبادی دیتے وقت یا ولادت کے سامان خریدنے کے وقت نفی کی ہو ورنہ سکوت (6)رضا سمجھا جائیگا اب پھر نفی نہیں ہوسکتی مگر لعان دونوں صورتوں میں ہوگا اور اگر ولادت کے وقت شوہر موجود نہ تھا تو جب اُسے خبر ہوئی نفی کے ليے وہ وقت بمنزلہ ولادت کے ہے۔(7) شوہر نے اولاد سے انکار کیا اور عورت نے بھی اُس کی تصدیق کی تولعان نہیں ہو سکتا۔(8)(درمختار)
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔ ''الفتاوی الھنديۃ''،کتاب الطلاق، الباب الحادی عشر في اللعان، ج۱، ص۵۱۷ .

2۔۔۔۔۔۔ المرجع السابق.            3۔۔۔۔۔۔ المرجع السابق.

4۔۔۔۔۔۔المرجع السابق، ص۵۱۸.        5۔۔۔۔۔۔ المرجع السابق. 

6۔۔۔۔۔۔خاموش رہنا۔                7۔۔۔۔۔۔ولادت کے قائم مقام ہے ،ولادت کے درجہ میں ہے۔

8۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''، کتاب الطلاق، باب اللعان، ج۵، ص۱۶۳.
Flag Counter