Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ ہشتم (8)
214 - 282
ادا ہوجائیگا۔ (1) (درمختار ، ردالمحتار) 

    مسئلہ ۱۷: روزوں سے کفارہ ادا ہونے میں شرط یہ ہے کہ پچھلے روزے کے ختم تک غلام آزاد کرنے پر قدرت نہ ہویہاں تک کہ پچھلے روزے کی آخر ساعت میں بھی اگر قدرت پائی گئی تو روزے ناکافی ہیں بلکہ غلام آزاد کرنا ہوگا اوراب یہ روزہ نفل ہوا اس کا پورا کرنا مستحب رہے گا اگر فوراً توڑ دیگا تو اسکی قضا نہیں البتہ اگر کچھ دیر بعد توڑیگا تو قضا لازم ہے۔(2)(درمختار وغیرہ) 

    مسئلہ ۱۸: کفارہ کا روزہ توڑدیا خواہ سفر وغیرہ کسی عذر سے توڑا یا بغیر عذریا ظہار کرنے والے نے جس عورت سے ظہار کیا ان دو۲ مہینوں کے اندر دن یا رات میں اُس سے وطی کی قصداًکی ہو یا بھول کر تو سرے سے روزے رکھے کہ شرط یہ ہے کہ جماع سے پہلے دومہینے کے پے در پے روزے رکھے اور ان صورتوں میں یہ شرط پائی نہ گئی۔ (3)(درمختار ، ردالمحتار) 

    مسئلہ ۱۹: یہ احکام جو کفا رہ کے متعلق بیان کيے گئے یعنی غلام آزاد کرنے اور روزے رکھنے کے متعلق یہ ظہار کے ساتھ مخصوص نہیں بلکہ ہر کفارہ کے یہی احکام ہیں۔ مثلاً قتل کا کفارہ یا روزہ رمضان توڑنے کا کفارہ، قسم کا کفارہ مگر قسم کے کفارہ میں تین روزے ہیں۔ اور یہ حکم کہ روزہ توڑ دیا تو سرے سے رکھنے ہونگے کفارہ کے ساتھ مخصوص نہیں بلکہ جہاں پے در پے کی شرط ہو مثلاً پے در پے روزوں کی منت مانی تو یہاں بھی یہی حکم ہے البتہ اگر عورت نے رمضان کا روزہ توڑدیا اور کفارہ میں روزے رکھ رہی تھی اور حیض آگیا تو سرے سے رکھنے کا حکم نہیں بلکہ جتنے باقی ہیں اُن کا رکھنا کافی ہے۔ ہاں اگر اس حیض کے بعد آئسہ ہوگئی یعنی اب ایسی عمر ہوگئی کہ حیض نہ آئے گا تو سرے سے رکھنے کا حکم دیا جائے گا کہ اب وہ پے در پے دومہینے کے روزے رکھ سکتی ہے اور اگر اثنائے کفارہ میں(4) عورت کے بچہ ہوا تو سرے سے رکھے۔ ظہار وغیرظہار کے کفار وں میں ایک اور فرق ہے وہ یہ کہ غیر ظہار کے کفار ے میں اگر رات میں وطی کی یا دن میں بھول کر کی تو سرے سے روزے رکھنے کی حاجت نہیں۔ یوہیں ظہار کے روزوں میں اگر بھول کر کھا لیا یادوسری عورت سے بھول کر جماع کیا یا رات میں قصداً جماع کیا تو سرے سے رکھنے کی حاجت نہیں ۔ (5) (درمختار، ردالمحتار، وغیرہما)
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''و''ردالمحتار''، کتاب الطلاق، باب الکفارۃ، مطلب: لااستحالۃ في جعل... إلخ، ج۵، ص۱۴۱. 

2۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار''، کتاب الطلاق، باب الکفارۃ،ج۵، ص۱۴۱، وغیرہ.

3۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار'' و''رد المحتار''، المرجع السابق، ص۱۴۲.

4۔۔۔۔۔۔کفارہ کے روزے رکھنے کے دوران۔

5۔۔۔۔۔۔''الدر المختار'' و''رد المحتار''، المرجع السابق، ص۱۴۲، وغیرہما.
Flag Counter