Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ ہشتم (8)
201 - 282
روپے واجب ہوگئے اور طلاق ہو گئی۔ ہاں اگر عورت سفیہہ(1)ہے یا قبول کرنے پر مجبور کی گئی تو بغیر مال طلاق پڑجائے گی اور اگر مریضہ ہے تو تہائی سے یہ رقم ادا کی جائے گی۔(2) (درمختار) 

    مسئلہ ۳۷: اپنی دو عورتوں سے کہا تم میں ایک کو ہزار روپے کے عوض طلاق ہے اور دوسری کو سو اشرفیوں کے بدلے اور دونوں نے قبول کرلیاتو دونوں مطلَّقہ ہوگئیں اور کسی پر کچھ واجب نہیں ہاں اگر شوہر دونوں سے روپے لینے پر راضی ہو تو روپے لازم ہوں گے اور راضی نہ ہو تو مفت مگر اس صورت میں رجعی ہوگی۔(3) (درمختار، ردالمحتار) اور اگر یوں کہا کہ ایک کو ہزار روپے پر طلاق اور دوسری کو پانسو روپے پر تو دونوں مطلقہ ہوگئیں اور ہر ایک پر پان پانسو لازم۔(4) (عالمگيری) 

    مسئلہ ۳۸: عورت غیر مدخولہ کو ہزار روپے پر طلاق دی اور اُس کامہر تین ہزار کا تھا جو سب ابھی شوہر کے ذمہ ہے تو ڈیڑھ ہزار تو یوں ساقط ہوگئے کہ قبل دخول (5) طلاق دی ہے باقی رہے ڈیڑھ ہزار ان میں ہزار طلاق کے بدلے وضع ہوئے اور پانسو شوہرسے واپس لے۔ (6)(عالمگيری) 

    مسئلہ ۳۹: مہر کی ایک تہائی کے بدلے ایک طلاق دی اور دوسری تہائی کے بدلے دوسری اور تیسری کے بدلے تیسری تو صرف پہلی طلاق کے عوض ایک تہائی ساقط ہو جائے گی اور دو تہائیاں شوہر پر واجب ہیں۔(7) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۴۰: عورت کو چار طلاقیں ہزار روپے کے عوض دیں اُس نے قبول کر لیں تو ہزار کے بدلے میں تین ہی واقع ہونگی اور اگر ہزار کے بدلے میں تین قبول کیں تو کوئی واقع نہ ہوگی۔ اور اگر عورت نے شوہر سے ہزار کے بدلے میں چار طلاقیں دینے کو کہا اور شوہر نے تین دیں تو یہ تین طلاقیں ہزار کے بدلے میں ہو گئیں اور ایک دی تو ایک ہزارکی تہائی کے بدلے میں۔ (8)(فتح) 

    مسئلہ ۴۱: عورت نے کہا ہزار روپے پر یا ہزار کے بدلے میں مجھے ایک طلاق دے شوہر نے کہا تجھ پر تین طلاقیں اور بدلے کو ذکر نہ کیا تو بلا معاوضہ تین ہوگئیں۔ اور اگر شوہر نے ہزار کے بدلے میں تین دیں تو عورت کے قبول کرنے پر موقوف ہے
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔بیوقوف،کم عقل۔

2۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''،کتاب الطلاق،باب الخلع،ج۵،ص۱۰۰،۱۱۷. 

3۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''و''ردالمحتار''،کتاب الطلاق،باب الخلع،مطلب:تستعمل ((علی))...إلخ،ج۵،ص۱۰۱.

4۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھنديۃ''،کتاب الطلاق،الباب الثامن في الخلع وما في حکمہ،الفصل الثالث،ج۱،ص۴۹۸.

5۔۔۔۔۔۔جماع سے پہلے۔

6۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھنديۃ''،کتاب الطلاق،الباب الثامن في الخلع وما في حکمہ،الفصل الثالث،ج۱،ص۴۹۵.

7۔۔۔۔۔۔المرجع السابق،ص۴۹۵. 

8۔۔۔۔۔۔''فتح القدیر''،کتاب الطلاق،باب الخلع،ج۴،ص۶۹.
Flag Counter