Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ ہشتم (8)
186 - 282
    مسئلہ ۱۵: ایلا اگر تعلیق سے ہو تو ضرور ہے کہ جماع پر کسی ایسے فعل کو معلق کرے جس میں مشقت ہو لہٰذا اگر یہ کہا کہ اگر میں قربت کروں تو مجھ پر دورکعت نفل ہے تو ایلا نہ ہوا اور اگر کہا کہ مجھ پر سو رکعتیں نفل کی ہیں تو ایلا ہوگيا اور اگر وہ چیز ایسی ہے جس کی منت نہیں جب بھی ایلا نہ ہوامثلاً تلاوت قرآن، نماز جنازہ، تکفین میّت(1)، سجدہ تلاوت، بیت المقدس میں نماز۔(2)(درمختار، ردالمحتار) 

    مسئلہ ۱۶: اگر میں تجھ سے قربت کروں تو مجھ پر فلاں مہینے کا روزہ ہے اگر وہ مہینہ چار مہینے پورے ہونے سے پہلے پورا ہوجائے تو ایلا نہیں، ورنہ ہے۔ (3)(عالمگيری) 

    مسئلہ ۱۷: اگر میں تجھ سے قربت کروں تو مجھ پر ایک مسکین کا کھانا ہے یا ایک دن کا روزہ تو ایلا ہوگيا یا کہا خدا کی قسم تجھ سے قربت نہ کروں گا جب تک اپنے غلام کو آزاد نہ کروں یا اپنی فلاں عورت کو طلاق نہ دوں یا ایک مہینے کا روزہ نہ رکھ لوں تو ان سب صورتوں میں ایلا ہے۔(4) (عالمگيری) 

    مسئلہ ۱۸: تو مجھ پر ویسی ہے جیسے فلاں کی عورت اور اُس نے ایلا کیا ہے اور اِس نے بھی ایلا کی نیت کی تو ایلا ہے ورنہ نہیں۔ یہ کہا کہ اگر میں تجھ سے قربت کروں تو تُو مجھ پر حرام ہے اور نیت ایلا کی ہے تو ہو گیا۔(5) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۱۹: ایک عورت سے ایلا کیا پھر دوسری سے کہا تجھے میں نے اُس کے ساتھ شریک کردیا تو دوسری سے ایلا نہ ہوا۔(6) (عالمگيری) 

    مسئلہ ۲۰: دوعورتوں سے کہا واﷲ میں تم دونوں سے قربت نہ کرونگا تو دونوں سے ایلا ہوگيا اب اگر چار مہینے گزر گئے اور دونوں سے قربت نہ کی تو دونوں بائن ہوگئیں اور اگر ایک سے چار مہینے کے اندر جماع کرلیا تو اس کا ایلا باطل ہوگيا اور دوسری کا باقی ہے، مگر کفارہ واجب نہیں اور اگر مدت کے اندر ایک مر گئی تو دونوں کا ایلا باطل ہے اور کفارہ نہیں اور اگر ایک کو طلاق دی تو ایلا باطل نہیں اور اگر مدت میں دونوں سے جماع کیا تو دونوں کا ایلا باطل ہوگیا اور ایک کفارہ واجب ہے۔ (7)(عالمگيری)
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔میت کوکفن دینا۔

2۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''و''ردالمحتار''،کتاب الطلاق، باب الایلاء، ج۵، ص۶۷.

3۔۔۔۔۔۔ ''الفتاوی الھنديۃ''،کتاب الطلاق، الباب السابع في الایلاء، ج۱، ص۴۷۸. 

4۔۔۔۔۔۔ المرجع السابق.        5۔۔۔۔۔۔ المرجع السابق. 

6۔۔۔۔۔۔ المرجع السابق.        7۔۔۔۔۔۔ المرجع السابق، ص۴۷۹.
Flag Counter