Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ ہشتم (8)
185 - 282
    مسئلہ ۱۰: اس کے الفاظ بعض صریح ہیں بعض کنا یہ صریح وہ الفاظ ہیں جن سے ذہن معنی جماع کی طرف سبقت (1) کرتا ہو اس معنی میں بکثرت استعمال کیا جاتا ہو اس میں نیت در کار نہیں بغیر نیت بھی ایلا ہے اور اگر صریح لفظ میں یہ کہے کہ میں نے معنی جماع کا ارادہ نہ کیا تھا تو قضاءً اُس کا قول معتبر نہیں دیانۃً معتبر ہے۔ کنا یہ وہ جس سے معنی جماع متبادر نہ ہوں دوسرے معنی کابھی احتمال ہواس میں بغیر نیت ایلا نہیں اور دوسرے معنی مراد ہونا بتا تا ہے تو قضاءً بھی اس کا قول مان لیا جائیگا۔(2)(ردالمحتاروغیرہ) 

    مسئلہ ۱۱: صریح کے بعض الفاظ یہ ہیں واﷲ میں تجھ سے جماع نہ کرونگا، قربت نہ کرونگا، صحبت نہ کروں گا، وطی (3)نہ کرونگا اور اُردو میں بعض اور الفاظ بھی ہیں جو خاص جماع ہی کے ليے بولے جاتے ہیں اُن کے ذکر کی حاجت نہیں  ہر شخص اُردوداں جانتا ہے۔ علامہ شامی نے اس لفظ کو کہ میں تیرے ساتھ نہ سوؤں گا صریح کہا ہے اور اصل یہ ہے کہ مدار(4)عرف پر ہے عرفاً جس لفظ سے معنی جماع متبادرہوں(5) صریح ہے، اگرچہ یہ معنی مجازی ہوں۔ کنا یہ کے بعض الفاظ یہ ہیں: تیرے بچھونے کے قریب نہ جاؤنگا، تیرے ساتھ نہ لیٹو ں گا، تیرے بدن سے میرا بدن نہ ملے گا، تیرے پاس نہ رہوں گا، وغیرہا۔ (6)

    مسئلہ ۱۲: ایسی بات کی قسم کھائی کہ بغیر جماع کيے قسم ٹوٹ جائے تو ایلا نہیں مثلاً اگر میں تجھ کو چھوؤں تو ایسا ہے کہ محض بد ن پر ہاتھ رکھنے ہی سے قسم ٹوٹ جائیگی۔ (7)(عالمگيری) 

    مسئلہ ۱۳: اگر کہا میں نے تجھ سے ایلا کیا ہے اب کہتا ہے کہ میں نے ایک جھوٹی خبر دی تھی تو قضائً ایلا ہے اور دیانۃً اُس کا قول مان لیا جائیگا اور اگر یہ کہے کہ اس لفظ سے ایلا کرنا مقصود تھا تو قضاءً و دیانۃً ہر طرح ایلا ہے۔(8) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۱۴: یہ کہا کہ واﷲ تجھ سے قربت نہ کرونگا جب تک تو یہ کام نہ کرلے اور وہ کام چار مہینے کے اندر کرسکتی ہے تو ایلا نہ ہوا اگرچہ چار مہینے سے زیادہ میں کرے۔(9) (ردالمحتار)
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔یعنی پہلے پہل،ابتداء ً ذہن جماع کے معنی کی طرف جاتاہو۔

2۔۔۔۔۔۔''ردالمحتار''،کتاب الطلاق، باب الایلاء، ج۵، ص۶۵، وغیرہ.

3۔۔۔۔۔۔جماع ۔    4۔۔۔۔۔۔انحصار۔    5۔۔۔۔۔۔ ذہن میں فوراً آجاتا ہو۔

6۔۔۔۔۔۔''ردالمحتار''،کتاب الطلاق،باب الایلاء،ج۵،ص۶۵،۶۷،وغیرہا.

7۔۔۔۔۔۔ ''الفتاوی الھنديۃ''،کتاب الطلاق، الباب السابع في الایلاء، ج۱، ص۴۷۷. 

8۔۔۔۔۔۔ المرجع السابق، ص۴۷۸.

9۔۔۔۔۔۔''ردالمحتار''،کتاب الطلاق، باب الایلاء، ج۵، ص۶۶.
Flag Counter