Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ ہشتم (8)
176 - 282
اگر یقین ہے کہ وہاں پانی نہیں پہنچاہے یا قصداً اُس جگہ کو چھوڑ دیا تو رجعت ہو سکتی ہے اور اگر پورا عضو جیسے ہاتھ يا پاؤں بھولی تو رجعت ہوسکتی ہے، کُلّی کرنا اور ناک میں پانی چڑھانا دونوں ملکر ایک عضو ہیں اور ہر ایک ایک عضو سے کم۔(1) (درمختار، ردالمحتار وغیرہما) 

    مسئلہ ۳۲: حاملہ کو طلاق دی اور اُس کی وطی سے منکر ہے اور رجعت کرلی پھر چھ مہینے سے کم میں بچہ پیدا ہو مگر وقت نکاح سے چھ ۶مہینے یا زیادہ میں ولادت ہوئی تو رجعت ہوگئی۔(2) (شرح وقایہ) 

    مسئلہ ۳۳: نکاح کے بعد چھ مہینے یا زیادہ کے بعد بچہ پیدا ہوا پھر اُسے طلاق دی اور وطی سے انکار کرتا ہے تو رجعت کر سکتا ہے کہ جب بچہ پیدا ہو چکا شرعاً وطی ثابت ہے اُس کا انکار بیکار ہے۔(3) (درمختار) 

    مسئلہ ۳۴: اگر خلوت ہوچکی ہے مگر وطی سے انکار کرتا ہے پھر طلاق دی تو رجعت نہیں کرسکتا اور اگر شوہر وطی کا اقرار کرتا ہے مگر عورت منکر ہے اور خلوت ہوچکی ہے تو رجعت کر سکتا ہے اور خلوت نہیں ہوئی تو نہیں۔ (4)(درمختار) 

    مسئلہ ۳۵: عورت سے کہا اگر تو جنے تو تجھ کو طلاق ہے اُس کے بچہ پیدا ہوا طلاق ہوگئی پھر چھ ۶ مہینے یا زیادہ میں دوسرا بچہ پیدا ہوا تو رجعت ہوگئی اگرچہ دوسرا بچہ دو۲ برس (5)سے زیادہ میں پیدا ہوا کہ اکثر مدت حمل دو ۲برس ہے اور اِس صورت میں عدت حیض سے ہے تو ہو سکتا ہے کہ زیادہ زیادہ دنوں کے بعد حیض آیا اور عدت ختم ہونے سے پیشتر شوہر نے وطی کی ہو۔ ہاں اگر عورت عدت گزرنے کا اقرار کرچکی ہو تو مجبوری ہے۔ اور اگر دوسرا بچہ پہلے بچہ سے چھ۶ مہینے سے کم میں پیدا ہوا تو بچہ پیدا ہونے کے بعد رجعت نہیں۔(6) (درمختار) 

    مسئلہ ۳۶: طلاق رجعی کی عدت میں عورت بناؤ سنگار کرے جبکہ شوہر موجود ہو اور عورت کو رجعت کی امید ہو اور اگر شوہر موجودنہ ہو یا عورت کو معلوم ہو کہ رجعت نہ کریگا تو تزیُّن(7)نہ کرے۔ اور طلاق بائن اور وفات کی عدت میں زینت حرام ہے اور مطلَّقہرجعیہ کو سفر میں نہ لیجائے بلکہ سفر سے کم مسافت تک بھی نہ لیجائے جب تک رجعت پر گواہ نہ قائم کرلے یہ اُس وقت ہے کہ شوہر نے صراحۃً رجعت کی نفی کی ہو ورنہ سفر میں لے جانا ہی رجعت ہے۔ (8)(درمختار وغیرہ)
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار''و''ردالمحتار''،کتاب الطلاق، باب الرجعۃ، ج۵، ص۳۵، وغیرہما.

2۔۔۔۔۔۔ ''شرح الوقایہ''،کتاب الطلاق، باب الرجعۃ،ج۱، الجزء الثاني، ص۱۱۲۔۱۱۴.

3۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''،کتاب الطلاق، باب الرجعۃ، ج۵، ص۳۶.

4۔۔۔۔۔۔ المرجع السابق، ص۳۹.

5۔۔۔۔۔۔غالباً یہاں کتابت کی غلطی ہے۔اصل کتاب میں دوبرس کے بجائے دس برس کاذکرہے۔...عِلْمِیہ 

6۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''و''ردالمحتار''،کتاب الطلاق، باب الرجعۃ، ج۵، ص۴۰. 

7۔۔۔۔۔۔بناؤسنگار۔

8۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''،کتاب الطلاق، باب الرجعۃ، ج۵، ص۴۱، وغیرہ.
Flag Counter