Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ ہشتم (8)
131 - 282
ہونگی۔(1) (درمختار، ردالمحتار) 

    مسئلہ ۳: مدخولہ (2) کو ایک طلاق دی تھی پھر عدّت میں کہا کہ میں نے اُسے بائن کر دیا یا تین تو بائن یا تین واقع ہو جائيں گی اور اگر عدّت یا رجعت کے بعد ایسا کہا تو کچھ نہیں۔(3) (درمختار) 

    مسئلہ ۴: صریح صریح کو لاحق ہوتی ہے یعنی پہلے صریح لفظوں سے طلاق دی پھر عدّت کے اندر دوسری مرتبہ طلاق کے صریح لفظ کہے تو اس سے دوسری واقع ہوگی۔ یوہیں بائن کے بعد بھی صریح لفظ سے واقع کرسکتا ہے جبکہ عورت عدّت میں ہو اور صریح سے مراد یہاں وہ ہے جس میں نیت کی ضرورت نہ ہو اگرچہ اُس سے طلاق بائن پڑے اور عدّت میں صریح کے بعد بائن طلاق دے سکتا ہے۔ اور بائن بائن کو لاحق نہیں ہو تی جبکہ یہ ممکن ہو کہ دوسری کو پہلی کی خبر دینا کہہ سکیں مثلاًپہلے کہا تھا کہ تو بائن ہے اس کے بعد پھر یہی لفظ کہاتو اس سے دوسری واقع نہ ہوگی کہ یہ پہلی طلاق کی خبر ہے یا دوبارہ کہا میں نے تجھے بائن کر دیا اور اگر دوسری کو پہلی سے خبر دینا نہ کہہ سکیں مثلاً پہلے طلاق بائن دی پھر کہا میں نے دوسری بائن دی تو اب دوسری پڑے گی۔(4) یوہیں پہلی صورت میں بھی دو ۲واقع ہونگی جبکہ دوسری سے دوسری طلاق کی نیت ہو۔(5)(درمختار، ردالمحتار) 

    مسئلہ ۵: بائن کو کسی شرط پر معلق کیا یا کسی وقت کی طرف مضاف کیا اور اُس شرط یا وقت کے پائے جانے سے پہلے طلاق بائن دیدی مثلاًیہ کہا اگر تو آج گھر میں گئی تو بائن ہے یا کل تجھے طلاق بائن ہے پھر گھر میں جانے اور کل آنے سے پہلے ہی طلاق بائن دیدی تو طلاق ہو گئی پھر عدّت کے اندر شرط پائی جانے اور کل آنے سے ایک طلاق اور پڑے گی۔(6) (درمختار)

    مسئلہ ۶: اگر عورت کو طلاق بائن دی یا اُس سے خلع کیا اسکے بعد کہا تو گھر میں گئی تو بائن ہے تو اب طلاق واقع نہ ہوگی اوراگر دوشرطوں پر طلاق بائن معلق کی مثلاً کہا اگر تو گھر میں جائے تو بائن ہے اور اگر میں فلاں سے کلام کروں تو تُو بائن ہے اِن دونوں باتوں کے کہنے کے بعد اب وہ گھر میں گئی تو ایک طلاق پڑی پھر اگر اُس شخص سے عدّت میں شوہر نے کلام کیا تو دوسری پڑی۔ یوہیں اگر پہلے کلام کیا پھر گھر میں گئی جب بھی دو واقع ہونگی اور اگر پہلے ایک شرط پر معلق کی پھر اس کے پائے جانے
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار'' و ''ردالمحتار''،کتاب الطلاق، باب الکنایات، مطلب: لا اعتبار بالاعراب ھنا، ج۴، ص۵۲۴ . 

2۔۔۔۔۔۔جس سے جماع کیاگیاہو۔

3۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار'' ،کتاب الطلاق، باب الکنایات، ج۴، ص۵۲۸.

4۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار'' و'' ردالمحتار''،کتاب الطلاق، باب الکنایات، مطلب: الصریح یلحق...إلخ، ج۴، ص۵۲۸ ۔ ۵۳۳. 

5۔۔۔۔۔۔بشرطیکہ اس نیت پردلالت کرنے والاکوئی لفظ بھی مذکورہو۔...عِلْمِیہ، انظر ''منحۃالخالق''، ج۳،ص۵۳۲.

    و'' الفتاوی الرضویہ''، ج ۱۲ص۵۷۸،۵۸۲،۵۸۵.

6۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار''، کتاب الطلاق، باب الکنایات، ج۴، ص۵۳۴.
Flag Counter